برطانیہ کے شہر گریٹر مانچسٹر میں عید الفطر مذہبی عقیدت و احترام اور روایتی جوش و خروش سے منائی جاتی ہے۔
یہاں چاند رات کے موقعے پر لوگ عید کی تیاریوں میں مصروف ہوتے ہیں اور بازاروں میں غیر معمولی رش نظر آتا ہے۔
مانچسٹر کے معروف بازاروں ولمزلو روڈ ( Wilmslow Road) اور لونگ سائیٹ روڈ (Longsight Road) پر کپڑوں، مہندی، چوڑیوں، جیولری، کھسے، گول گپے، چائے وغیرہ کے خصوصی سٹال لگائے جاتے ہیں جبکہ بچوں کے لیے جھولوں کا اہتمام ہوتا ہے۔
انڈپینڈنٹ اردو نے سٹالز پر آئے کچھ ایسے پاکستانی نوجوانوں سے بات کی جن کی پیدائش برطانیہ میں ہوئی اور جو اپنی عیدیں بچپن سے ہی برطانیہ میں مناتے ہیں۔
ان نوجوانوں کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بڑوں دادا دادی، نانا نانی اور اپنے والدین سے سنتے ہیں کہ پاکستان میں عیدوں کے تہوار بڑے جوش و خروش سے منائے جاتے ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ان کا مزید کہنا تھا کہ عید کے موقعے پر خاندان کے سب افراد نئے کپڑے پہنتے ہیں، مرد مساجد میں نماز عید ادا کرتے ہیں، لذیذ پکوان تیار کیے جاتے ہیں، بچوں کو عیدی ملتی ہے، عزیز و اقارب اکٹھے ہوتے ہیں اور مل جل کر عید کی خوشیاں مناتے ہیں۔
ان نوجوانوں کے مطابق وہ برطانیہ میں رہتے ہوئے عید کی سب روایات تو پوری نہیں کر سکتے اور وہ اپنے رشتہ داروں سے دور ہوتے ہیں لیکن ان کی پوری کوشش ہوتی ہے کہ عید پورے جوش و خروش اور روایتی اقدار کے ساتھ منائیں۔
انہوں نے بتایا کہ عید پر بچے گھومنے پھرنے کے لیے جاتے ہیں۔ برطانیہ میں رہتے ہوئے ان کو سکولوں اور کالجوں سےعید کی چھٹی تو نہیں ہوتی لیکن وہ عید کی ایک یا دو چھٹیاں کر سکتے ہیں جس پر تعلیمی ادارے کوئی جرمانہ نہیں کرتے۔