فلسطین کے اسلامک جہاد گروپ نے اپنے رہنما خضر عدنان کی اسرائیلی قید میں بھوک ہڑتال کے دوران موت کے نتیجے میں پیدا ہونے والی کشیدگی کے بعد بدھ (تین مئی) کو غزہ کے ارد گرد جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فلسطین کی وزارت صحت نے بتایا کہ خضر عدنان کی موت کے بعد غزہ سے فائر کیے گئے راکٹوں کے جواب میں بدھ کو علی الصبح اسرائیل سے کیے گئے فضائی حملوں کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہری جان سے گیا جبکہ پانچ زخمی ہو گئے۔
اسلامک جہاد گروپ اور حماس کے ذرائع نے اے ایف پی کو بتایا کہ تاہم قطر، مصر اور اقوام متحدہ کے ثالث صبح چار بجے کے قریب کشیدگی میں کمی کے لیے ثالثی کرنے میں کامیاب ہو گئے۔
مصر نے جنگ بندی کی تصدیق کی ہے تاہم اسرائیل نے فوری طور پر کسی معاہدے کی تصدیق نہیں کی۔
ایک مصری سکیورٹی ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا: ’ہم آج صبح دونوں فریقوں کی طرف سے جوابی کارروائی کے ساتھ امن قائم کرنے میں کامیاب ہو گئے۔‘
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ غزہ کی سرحد کے قریب آخری وارننگ سائرن صبح ساڑھے پانچ بجے سنے گئے۔
اسلامک جہاد گروپ کے ترجمان طارق سلمی نے ایک بیان میں کہا: ’تصادم کا ایک دور ختم ہو گیا ہے، لیکن مزاحمت کی تحریک جاری ہے اور نہیں رکے گی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہمارے بہادر جنگجوؤں نے اپنے لوگوں کے دفاع کے لیے اپنی وفاداری اور عزم کا ثبوت دیا ہے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے خضر عدنان کے جسد خاکی کو اہل خانہ کو واپس کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا: ’ہم زور دیتے ہیں اور جیسا کہ ہم نے تمام ثالثوں کو مطلع کیا ہے کہ شہید خضر عدنان کی میت ان کے خاندان کے حوالے کرنے کی ضرورت ہے۔‘
مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے جنین سے تعلق رکھنے والے 45 سالہ خضر عدنان اسرائیل کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد 87 دن کی بھوک ہڑتال کے بعد منگل (دو مئی) کی صبح انتقال کرگئے تھے۔
اسرائیلی حراست میں کم از کم 13 مرتبہ بھوک ہڑتالوں نے خضر عدنان کو ایک قومی ہیرو بنا دیا تھا۔
اسلامک جہاد گروپ کے مطابق منگل کی صبح سے غزہ سے اسرائیل کی طرف تقریباً 100 راکٹ فائر کیے گئے۔
جواب میں اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے بدھ کی صبح غزہ پر متعدد فضائی حملے کیے۔
حماس کے زیر انتظام علاقے کی وزارت صحت نے کہا کہ غزہ شہر کے شمال میں ایک حملے میں ایک 58 سالہ شخص جان سے گیا اور پانچ زخمی ہوئے۔