انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے یکم جون 2023 سے پلیئنگ کنڈیشنز میں بڑی تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے۔
آئی سی سی نے چیف ایگزیکٹوز کمیٹی کی جانب سے سارو گنگولی کی سربراہی میں مردوں اور خواتین کی کرکٹ کمیٹی کی سفارشات کی منظوری کے بعد پلیئنگ کنڈیشنز میں تبدیلیوں کا اعلان کیا۔
بڑی تبدیلی کے طور پر سافٹ سگنل کو ختم کر دیا گیا ہے اور اب ٹی وی امپائر کو فیصلہ بھیجتے وقت فیلڈ امپائر کو سافٹ سگنل دینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
سافٹ سگنل گراؤنڈ میں موجود امپائرز کی جانب سے تھرڈ امپائر کو دیا جاتا ہے، مثال کے طور پر کسی کھلاڑی کو آؤٹ قرار دینے کے لیے وہ اپنی انگلی بلند کرتے ہیں اور ناٹ آؤٹ کے لیے وہ اپنے ہاتھوں سےکراس کا نشان بناتے ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
تاہم اب آئی سی سی نے تصدیق کی ہے کہ کوئی بھی فیصلہ کرنے سے پہلے فیلڈ میں موجود امپائر ٹی وی امپائر سے مشاورت کریں گے۔
گنگولی نے کہا: ’گذشتہ چند برسوں کے دوران کرکٹ کمیٹی کے اجلاسوں میں سافٹ سگنل پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ کمیٹی نے اس پر تفصیلی غور کیا اور یہ نتیجہ اخذ کیا کہ سافٹ سگنل غیر ضروری اور بعض اوقات الجھن پیدا کرنے والے ہوتے ہیں۔‘
دوسری بڑی تبدیلی میں انتہائی خطرے والے مقامات پر فیلڈنگ کے لیے ہیلمٹ کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔
مندرجہ ذیل جگہوں پر ہیلمٹ پہننا ضروری ہوگا:
• جب بلے بازوں کو تیز بولروں کا سامنا کرنا ہو
• جب وکٹ کیپر سٹمپ کے انتہائی قریب کھڑا ہو
• جب فیلڈر وکٹ کے سامنے بلے باز کے قریب ہو
گنگولی نے کہا: ’ہم نے کھلاڑیوں کی حفاظت پر بھی بات چیت کی جو کہ ہمارے لیے بہت اہم ہے۔ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ کھلاڑیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے میدان میں مخصوص مقامات پر ہیلمٹ کا استعمال لازمی قرار دینا بہتر ہے۔‘
ان تبدیلیوں کا اطلاق یکم جون 2023 کو لارڈز ٹیسٹ سے ہوگا، جہاں انگلینڈ اور آئرلینڈ کے درمیان واحد چار روزہ ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا۔
اس کے بعد انڈیا اور آسٹریلیا کے درمیان سات جون سے شروع ہونے والا ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا فائنل بھی ان نئی پلیئنگ کنڈیشنز کے مطابق ہوگا۔