پاک ایران سرحد پر حملہ، دو فوجی جان سے گئے

پاکستان میں ایران کے سفارت خانے ایک ٹویٹ میں بلوچستان کے ضلع کیچ میں ’دہشت گردوں‘ کے سکیورٹی فورسز پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

دائیں سے بائیں: سپاہی عنایت اللہ اور سپاہی حسنین اشیاق (آئی ایس پی آر)

پاکستانی فوج نے کہا ہے کہ ایران کی سرحد کے قریب عسکریت پسندوں نے جمعرات کو سکیورٹی فورسز کی ایک چوکی پر حملہ کیا جس سے دو فوجی جان سے گئے۔

صوبہ بلوچستان کی سرحد ایران سے ملتی ہے اور ماضی میں سرحدی علاقوں میں عسکریت پسندوں کی طرف سے سکیورٹی فورسز پر حملے ہوتے رہے ہیں۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ نے اپنے بیان میں کہا کہ ’دہشت گردوں کے ایک گروپ نے بلوچستان کے ضلع کیچ  کے علاقے  سنگوان پاکستان ایران سرحد پر سکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کیا۔‘

بیان میں کہا گیا کہ چوکی پر تعینات اہلکار چوکس تھے اور انھوں نے دستیاب ہتھیاروں سے عسکریت پسندوں کا مقابلہ کیا اور انہیں پیچھے دھکیلا اور فائرنگ کا شدید تبادلے میں سپاہی حسینن اشتیاق اور سپاہی عنایت اللہ کی موت واقع ہو گئی۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ سکیورٹی فورسز نے فوری طور پر سرچ آپریشن شروع کر دیا اور ساتھ ہی ایرانی حکام سے رابطہ کیا گیا تاکہ عسکریت پسندوں کو ایران فرار ہونے سے روکا جا سکے۔

پاکستان میں ایران کے سفارت خانے نے ایک ٹویٹ میں بلوچستان کے ضلع کیچ میں ’دہشت گردوں‘ کے سکیورٹی فورسز پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

ایرانی سفارت خانے کا کہنا تھا کہ یہ ایک مشترکہ تکلیف ہے اور ’دہشت گردی کے خلاف لڑائی کے لیے مشترکہ تعاون کی ضرورت ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے بھی بلوچستان کے علاقے سنگوان میں ’دہشت گردوں کی سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔‘

انہوں نے بیان میں کہا کہ ’دہشت گردوں کی پسپائی فورسز کی بہترین پیشہ وارانہ تربیت کا ثبوت ہے۔‘

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی فورسز قسم کی کارروائی کا مقابلہ کرنے کی اہلیت رکھتی ہیں اور ’ملک دشمن عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔‘

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان