مانچسٹر سٹی پہلی بار یوئیفا چیمپیئنز لیگ کا فاتح

چیمپیئن شپ کا فائنل استبنول کے اتاترک سٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں اعصاب شکن مقابلے کے بعد مانچسٹر سٹی نے انٹرمیلان کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی۔

10 جون 2023 کی اس تصویر میں مانچسٹر سٹی کے کھلاڑی یوئیفا چیمپیئنز لیگ جیتنے کے بعد ٹرافی کے ہمراہ جشن مناتے ہوئے (اے ایف پی)

مانچسٹر سٹی نے ہفتے کو کھیلے گئے فائنل میں انٹر میلان کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے کر یوئیفا چیمپیئنز لیگ کا ٹائٹل پہلی بار اپنے نام کر لیا۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق فٹ بال چیمپیئن شپ کا فائنل استبنول کے اتاترک سٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں مقابلہ آخر تک اعصاب شکن رہا۔

اطالوی فٹ بال کلب کو شکست دینے کے بعد مانچسٹر نے سنسنی خیز سیزن مکمل کر لیا۔

سپین سے تعلق رکھنے والے مڈ فیلڈر روڈری نے 68 ویں منٹ میں گول کر کے محتاط انداز میں کھیلنے جانے والے مقابلے کو فیصلہ کن بنا دیا۔

میچ پر مانچسٹر کی ٹیم چھائی رہی لیکن اس میں اعتماد کی کمی دکھائی دی کیوں کہ وہ تین بار چیمپیئنز لیگ کا ٹائٹل جیتنے والی ٹیم کے خلاف کھیل رہی تھی۔

میچ کے آخر میں انٹرمیلان کو گول کر کے میچ ٹائی کرنے کا موقع ملا جب متبادل کے طور پر کھیلنے والے کھلاڑی رومیلو لاکاکو نے گول کرنے کی کوشش کی جسے ایڈرسن نے ناکام بنا دیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

چیمپیئنز لیگ کا ٹائٹل جینے کے بعد مانچسٹر سٹی تین بڑی ٹرافیاں جیتے والی دوسری ٹیم بن گئی ہے۔

اس سے قبل مانچسٹر یونائیٹڈ نے بھی 1999 میں پریمیئر لیگ، ایف اے کپ اور چیمپیئنز لیگ کے ٹائٹل جیتے تھے۔

 خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مانچسٹر سٹی کے مینیجر پیپ گاردیولا نے کہا کہ ان کی ٹیم کا پہلی بار چیمپیئنز لیگ کا ٹائٹل جیتنا ’تقدیر میں لکھا تھا۔‘

اعصاب شکن میچ میں ایک صفر سے فتح کے بعد سپورٹس نیوز چینل بی ٹی سپورٹ کے ساتھ بات چیت میں ان کا کہنا تھا: ’یہ میچ جیتنا بہت مشکل تھا۔ وہ (کھلاڑی) واقعی اچھے ہیں۔ میں نے وقفے کے دوران (ان سے) کہا کہ صبر سے کام لیں۔ آپ کو (اپنے آپ کو) خوش قسمت ثابت کرنا ہے۔ وہ میچ کو ڈرا کر سکتے تھے۔ یہ مقابلہ ایک سکہ ہے۔‘

گاردیولا نے کوچ کی حیثیت سے تیسری بار ٹرافی جیتی ہے۔ اس سے پہلے وہ 2009 اور 2011 میں بارسلونا کے ساتھ ٹرافیاں جیت چکے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی فٹ بال