پاکستان کرکٹ بورڈ نے وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث کو اے سی سی مینز ایمرجنگ ایشیا کپ میں حصہ لینے والی پاکستان شاہینز کا کپتان مقرر کر دیا۔
یہ ٹورنامنٹ 14 سے23 جولائی تک سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق اس ٹورنامنٹ میں آٹھ ٹیمیں شریک ہوں گی اور اس میں مجموعی طور پر پندرہ میچز کھیلے جائیں گے۔
پاکستان شاہینز کو گروپ اے میں انڈیا اے، نیپال اور سری لنکا اے کے ساتھ رکھا گیا ہے جبکہ گروپ بی میں افغانستان اے، اومان، بنگلہ دیش اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں شامل ہیں۔
ہر گروپ سے دو ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی۔
محمد حارث پانچ ون ڈے انٹرنیشنل اور نو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں اور وہ پہلی مرتبہ پاکستان شاہینزکی قیادت کریں گے۔
محمد حارث کی قیادت میں 15رکنی ٹیم کا اعلان بھی کردیا گیا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ٹیم میں شامل کھلاڑی
محمد حارث ِ( کپتان اور وکٹ کیپر ) عمیر بن یوسف (نائب کپتان)، عماد بٹ، ارشد اقبال، حسیب اللہ، کامران غلام، مہران ممتاز، مبصر خان، محمد وسیم جونیئر، قاسم اکرم کے علاوہ صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، شاہنواز دھانی، سفیان مقیم اور طیب طاہر شامل ہوں گے۔
ریزرو کھلاڑیوں میں عبدالواحد بنگلزئی، محمدعباس آفریدی، محمد جنید اور روحیل نذیر شامل ہیں۔
پاکستان شاہینز کے کرکٹرز تین جولائی کو لاہور میں جمع ہوں گے جہاں وہ چار جولائی سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں کیمپ میں حصہ لیں گے۔ ٹیم 12 جولائی کو سری لنکا پہنچے گی۔
جہاں پاکستان شاہینز 14 جولائی کو نیپال، 16 جولائی کو انڈیا اے اور 18 جولائی کو سری لنکا اے کے مدمقابل ہو گی۔