جیو ٹی وی کا کہنا ہے کہ اس کا مشہور ڈرامہ ’تیرے بن‘ یوٹیوب پر تین ارب سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے جس پر سوال یہ بنتا ہے کہ جیو نے یوٹیوب پر صرف اس ڈرامے سے کتنی کمائی کی؟
آج (جمعرات) شب ڈرامے کی آخری قسط نشر کی جا رہی ہے اور اس وقت ڈرامہ پاکستان میں یوٹیوب اور ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہے۔
گوگل ٹرینڈز کے مطابق اس ڈرامے میں سب سے زیادہ دلچسپی پنجاب، خیبر پختونخوا کے بعد اسلام آباد اور پھر سندھ سے ظاہر کی گئی۔
وہاج علی اور یمنہ زیدی نے اس ڈرامے میں لیڈ کردار ادا کیا ہے اور دیگر کاسٹ میں بشریٰ انصاری، سبینہ فاروق اور سہیل سمیر شامل ہیں۔
جیو نے دعویٰ کیا ہے کہ یوٹیوب پر ڈرامے کی اقساط، پروموز اور ڈرامے کے مختلف کلپس کو مجموعی طور پر تین ارب مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔ انڈپینڈنٹ اردو کی تحقیق کے مطابق یہ اعداد و شمار تقریبا ٹھیک ہیں۔ انڈپینڈنٹ اردو نے ڈرامے کے حوالے سے 80 فیصد کلپس کا معائنہ کیا جنہیں تقریبا دو ارب، 718 کروڑ بار دیکھا گیا۔
یوٹیوب پر اس خبر کے فائل ہونے تک ڈرامے کی 57 قسطیں اپلوڈ ہو چکی ہیں اور آخری قسط آنا باقی ہے۔
صرف تیرے بن ڈرامے کے گانے کو اب تک یوٹیوب پر 55 ملین مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔
تین ارب ویوز کا موازنہ اگر کسی اور پاکستانی مواد سے کیا جائے تو جیو ٹی وی کا ہی ڈرامہ ’خدا اور محبت‘ فی قسط ویوز کے اعتبار سے ’تیرے بن‘ سے آگے ہے۔
ہم ٹی وی کے معروف ڈرامے ’ہمسفر‘ کی یوٹیوب پر تمام (24) اقساط موجود ہیں اور ان میں سے صرف ایک قسط ہی دس لاکھ ویوز کے ہندسے کو عبور کر سکی ہے۔ اس کے مقابلے میں ڈرامہ ’تیرے بن‘ کی ایک قسط کے اوسط ساڑھے تین کروڑ ویوز ہیں۔
اسی طرح ڈرامہ ’زندگی گلزار ہے‘ کے فی قسط یوٹیوب پر 14 لاکھ ویوز ہیں۔ ڈرامہ ’میرے پاس تم ہو‘ کی کل 23 اقساط تھیں جن کی فی قسط اوسط 78 لاکھ ویوز ہیں۔ ڈرامہ ’پری زاد‘ کی 30 اقساط کے فی قسط دو کروڑ 64 لاکھ ویوز ہیں۔
جیو نے اس ڈرامے سے یوٹیوب پر کتنا کمایا؟
یوٹیوب پر کمائی اشتہارات کے ذریعے ہوتی ہے اور اس ڈرامے کی تقریبا تمام اقساط کو کھول کر دیکھا جائے تو ہر قسط میں آپ کو یوٹیوب کی جانب سے جاری اشتہارات نظر آئیں گے۔ جتنے زیادہ اشتہارات ہوں گے اتنی زیادہ کمائی۔
کمائی کا انحصار ویوز کے علاوہ اس چیز پر بھی ہوتا ہے کہ ویوز کس ملک سے آ رہے ہیں۔ اگر ویوز امریکہ یا مغربی ممالک سے آئیں تو زیادہ ڈالرز ملتے ہیں جب کہ پاکستان اور بھارت سے ویوز پر نسبتا کم کمائی ہوتی ہے۔ یوٹیوب کی جانب سے اشتہار کے ریٹ کے لیے آر پی ایم (ریوینیو پر مائل) کا پیمانہ استعمال کیا جاتا ہے جس سے مراد ہر ایک ہزار ویوز پر کتنے ڈالر ملیں گے ہے۔
پاکستان میں عموما سیاسی مواد پر آر پی ایم ریٹ ایک سے ڈیرھ ڈالر کے قریب دیکھا گیا ہے جب کہ انٹرٹینمنٹ مواد پر یہ ریٹ زیادہ ہوتا ہے۔ مگر اس تحقیق کے لیے ہم سیاسی مواد کے آر پی ایم کا سہارہ لیں گے۔
انڈپینڈنٹ اردو کی تحقیق کے مطابق جیو کی اس ڈرامے سے یوٹیوب پر کمائی کا تخمینہ 36 لاکھ ڈالر کے قریب ہے جو کہ تقریبا ایک ارب روپے بنتے ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس کا موازنہ ایسے بھی کیا جا سکتا ہے کہ اسلام آباد میں موجود ایک وی لاگر کے یوٹیوب چینل پر گذشتہ ماہ (جون) میں 18 لاکھ ویوز آئے جس پر انہوں نے 2484 ڈالر کمائے۔
یعنی ہر ویو پر 0.0013 ڈالر کی آمدنی ہوئی اس چینل پر تو 2.8 ارب ویوز پر تقریبا 36 لاکھ ڈالرز کی آمدنی بنتی ہے۔ اگر یہی معیار تیرے بن ڈرامے پر اپنایا جائے تو 2.8 ارب ویوز پر 36 لاکھ ڈالر بنتے ہیں۔
اس حوالے سے جب معروف پاکستانی پوڈ کاسٹر اور دی سینٹرم میڈیا (ٹی سی ایم) کے مالک طلحہٰ احد سے رائے لی گی کہ اس ڈرامے سے کتنا روینیو جمع کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ اگر ویوز کو دیکھ کر اندازہ لگایا جائے تو یہ 36 لاکھ ڈالرز کے تخمینے کے آس پاس ہی رقم بنتی ہے۔
انہوں نے اس کے ساتھ یہ بھی واضح کیا کہ ’آمدنی کے حوالے سے کوئی حتمی رائے نہیں دی جا سکتی کیوں کہ یہ معلوم نہیں کہ آیا ہر وقت ان ویڈیوز پر مونوٹائی زیشن آن رہی اور دنیا بھر میں ہر جگہ اس کی مونٹائی زیشن موجود تھی کہ نہیں۔ مگر ان پیسوں کے بہت قریب حساب لگایا جا سکتا ہے کہ اس ڈرامے نے اتنے پیسے بنائے۔‘
اس حوالے سے جب جیو گروپ کے ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر ڈیجیٹل توصیف اکرام سے پوچھا گیا تو انہوں نے ڈرامے سے حاصل ہونے والی آمدنی پر بات کرنے سے گریز کیا۔