فلسطینیوں پر مظالم کرنے والے اسرائیل کی نصیحت کی ضرورت نہیں: پاکستان

اسرائیل نے اقوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق کے اجلاس میں پاکستان کو سفارشات پیش کیں کہ ’پاکستان جبری گمشدگیوں، تشدد، پر امن احتجاج پر کریک ڈاؤن، مذہبی اقلیتوں پر تشدد‘ کو روکنے کے لیے کارروائی کرے۔

پاکستانی دفتر خارجہ نے انڈپینڈنٹ اردو کو اپنے آفیشل بیان میں کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے پیر کو پاکستان کی یونیورسل پریاڈک رپورٹ متفقہ طور پر منظور کر لی ہے نیز فلسطینیوں پر مظالم کرنے والے ملک اسرائیل کی نصیحت کی پاکستان کو ضرورت نہیں۔

اسرائیل نے اقوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق کے اجلاس میں پاکستان کو سفارشات پیش کیں کہ ’پاکستان جبری گمشدگیوں، تشدد، پر امن احتجاج پر کریک ڈاؤن، مذہبی اقلیتوں پر تشدد‘ کو روکنے کے لیے کارروائی کرے۔

دفتر خارجہ کے مطابق ’اسرائیلی بیانیے کا سیاسی محرک بنیادی طور پر سیشن کے مثبت لہجے اور ریاستوں کی ایک بڑی اکثریت کے بیانات سے متصادم ہے۔‘

’فلسطینیوں پر اسرائیلی ظلم و ستم کی طویل تاریخ پیش نظر رکھتے ہوئے پاکستان انسانی حقوق کے تحفظ میں اسرائیلی مشورے کی یقینی طور پر کوئی ضرورت نہیں سمجھتا۔‘

قبل ازیں سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں اقوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق کے 53 ویں اجلاس میں پاکستان میں انسانی حقوق کے حوالے سے رپورٹ پیش کی گئی جس پر کونسل ممالک بشمول اسرائیل نے گفتگو کی۔

اقوام متحدہ میں اسرائیل کی نائب مستقل مندوب آدی فرجون نے پاکستانی مندوب کی موجودگی میں کہا کہ ’اسرائیل کو پاکستان میں انسانی حقوق کی مجموعی صورت حال پر گہری تشویش ہے جہاں جبری گمشدگیاں، تشدد، پرامن احتجاج پر کریک ڈاؤن، مذہبی اقلیتوں اور دیگر پسماندہ گروپوں کے خلاف تشدد جاری ہے۔‘

انہوں نے بیان میں مزید کہا کہ ’اس حوالے سے اسرائیل اس بات پر مایوس ہے کہ پاکستان کے چوتھے جائزے کے دوران اس کی تمام سفارشات کو نوٹ کیا گیا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستان کے حوالے سے کل 340 سفارشات موصول ہوئیں تھیں جن میں سے 253 کو پاکستان کی حمایت حاصل ہوئی جب کہ 87 کو صرف نوٹ کیا گیا جن میں اسرائیل کی سفارشات بھی شامل تھیں۔

اسرائیل کا اپنی سفارشات میں مزید کہنا تھا کہ ’یہ ضروری ہے کہ پاکستان من مانی گرفتاریوں، تشدد، دوسرے ناروا سلوک کو روکنے، ایسی کارروائیوں کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے اور سزائے موت کے وسیع استعمال،خاص طور پر بچوں اور معذور افراد کے معاملے میں، ختم کرنے کے لیے ہماری سفارشات پر عمل کرے۔

’اسرائیل پاکستان پر یہ بھی زور دیتا ہے کہ وہ انسانی حقوق کے عالمی معیارات کے مطابق ہم جنس پرستی کی قانونی اجازت دے اور امتیازی سلوک کے خلاف جامع قانون سازی کرے جو جنسی رجحان اور صنفی شناخت کی بنیاد پر امتیازی سلوک کا خاتمہ کرے۔‘

پاکستان میں توہین مذہب کے حوالے سے قوانین پر نائب مندوب کا کہنا تھا کہ ’جنوری 2023 میں پاکستان کی قومی اسمبلی نے توہین مذہب کے ان قوانین کو سخت کرنے کی قرارداد منظور کی جو اکثر مذہبی اور دیگر اقلیتیوں کو ہدف اور انہیں جبر کا نشانہ بنانے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔‘

اجلاس میں پاکستان کی جانب سے اقوام متحدہ کے لیے پاکستان کے مستقبل مندوب خلیل الرحمن ہاشمی موجود تھے۔ ان کے علاوہ دیگر ممالک کے سفرا نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ ان ممالک میں مصر، ایران، انڈونیشیا، ایتھوپیا، عراق، کویت، لیبیا، نیپال، عمان شامل ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا