لاہور: مکان میں آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے 10 افراد کی موت

ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق تین منزلہ گھر کی ہر منزل پر ایک ایک کمرہ تھا اور حادثے میں لوگوں کی اموات گھر میں دھواں بھرنے کی وجہ سے ہوئی۔

12 جولائی 2023 کی اس تصویر میں علاقہ مکین اندرون لاہور کے محلہ سمیاں میں اس گھر کے باہر جمع ہیں، جہاں آتشزدگی سے 10 اموات ہوئیں (تصویر: فاطمہ علی/ انڈپینڈنٹ اردو)

اندرون لاہور میں بھاٹی گیٹ کے محلے سمیاں میں واقع ایک تین منزلہ مکان میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب آگ لگنے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 10 افراد چل بسے جبکہ ایک نوجوان زخمی ہے۔

ریسکیو 1122 کے ترجمان محمد فاروق نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ بھاٹی گیٹ میں اس تین منزلہ مکان میں آگ لگنے کی اطلاع منگل اور بدھ کی رات دو بج کر 32 منٹ پر موصول ہوئی۔

محمد فاروق کے مطابق: ’آگ مکان کی دوسری منزل پر لگی، جس کے بعد اہل خانہ تیسری منزل  کی جانب گئے تاکہ چھت پر بنی ممٹی کے ذریعے باہر نکل سکیں لیکن بدقسمتی سے ایک تو وہ پورا راستہ ان کے سامان سے بھرا تھا، جسے وہ بطور سٹور استعمال کر رہے تھے اور دوسرا ممٹی کے دروازے پر اندر اور باہر سے تالا لگا ہوا تھا، جو شاید انہوں نے اپنی حفاظت کے لیے لگائے تھے۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ اس تین منزلہ مکان کی ہر منزل پر ایک ایک کمرہ تھا اور حادثے میں لوگوں کی اموات گھر میں دھواں بھرنے کی وجہ سے ہوئی۔

ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق مرنے والوں میں سات ماہ کی عمر سے لے کر 16 سال کی عمر کے چھ بچے، ایک 60 سالہ بزرگ خاتون، ایک 40 سالہ مرد اور ایک 25 اور 18 سالہ خاتون شامل ہیں، جن کی لاشوں کو میو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق اہل محلہ اور عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ آگ فرج کا کمپریسر پھٹنے سے لگی لیکن ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ کمپریسر تو آگ لگنے کے بعد بھی پھٹ سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’آگ کسی بجلی کی مشینری کی وجہ سے ہی لگی ہے، لیکن یہ ابھی تک معلوم نہیں کہ کس طرح لگی۔ اس کی وجوہات جاننے کے لیے پولیس اور ریسکیو کے اہلکار موجود ہیں۔‘

 ترجمان ریسکیو 1122 نے مزید بتایا کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور کولنگ کا عمل جاری ہے۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے آتشزدگی کے واقعے میں ایک ہی خاندان کے 10 افراد کے موت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔

بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق وزیراعظم نے واقعے میں جان سے جانے والے افراد کے لیے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبرجمیل کی دعا کی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان