پاکستان میں 43 غیر قانونی آن لائن قرضہ ایپس بلاک: وزارت آئی ٹی

وفاقی وزیر برائے آئی ٹی سید امین الحق کی جانب سے کہا گیا کہ صارفین بنا سوچے سمجھے آن لائن و سوشل میڈیا اشتہارات سے متاثر ہو کر ذاتی ڈیٹا کسی سے شیئر نہ کریں نیز آن لائن ڈالر کمانے کی مختلف پوسٹوں پر عمل میں احتیاط ضروری ہے۔

15 دسمبر 2011 کو ایک پاکستانی دکاندار اسلام آباد میں سڑک کے کنارے اپنے کرنسی نوٹ گنتے ہوئے (اے ایف پی/ فاروق نعیم)

وزارت برائے آئی ٹی و ٹیلی کام پاکستان کی جانب سے بیان جاری کیا گیا ہے کہ ملک میں موجود تمام غیر قانونی قرضہ ایپلی کیشنز کے خلاف کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے 43 ایسی ایپلی کیشنز کو بلاک کر دیا گیا ہے۔

اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر وزارت برائے آئی ٹی و ٹیلی کام پاکستان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی قرضہ ایپلی کیشنز کے خلاف سخت چیئرمین پی ٹی اے میجرجنرل حفیظ الرحمان کی ہدایت پر فوری کارروائی کی گئی۔

وزارت نے بیان میں واضح کیا کہ ’اس طرح کی کمپنیاں سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن میں رجسٹرڈ ہوتی ہیں۔‘

’پی ٹی اے کے اقدامات میں ایس ای سی پی سے بھی مشاورت و معاونت شامل ہے۔ فیس بک، اوردیگرسوشل میڈیا پلیٹ فارمز کےذریعے قرضہ دینے والی مافیا سادہ لوح افراد کو بلیک میل کر رہا ہے۔‘

بیان میں کہا گیا کہ ’صارفین کی آگاہی کے لیے مہم بھی چلائی جائے تاکہ وہ اس طرح سے بلیک میلنگ مافیا کا شکار نہ بن سکیں۔‘

عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ ایسی ایپلی کیشنز کی شکایت پی ٹی اے، ایف آئی اے سائبر کرائم اور مقامی پولیس کے پاس درج کروائی جائے۔

وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے  سے رابطہ کرتے ہوئے اب تک کی کارروائیوں پر بریفنگ لی۔

سید امین الحق کا کہنا تھا کہ ’ایف آئی اے سائبرکرائم ونگ شکایات کا انتظارکرنے کے بجائے ایسےعناصر کے خلاف از خود کارروائی کرے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے مزید کہا کہ ’عوام کی مجبوریوں کا فائدہ اٹھا کر انہیں موت کے اندھیروں میں دھکیلنے والےعناصر کی سرکوبی ضروری ہے۔‘

’قرضہ ہزاروں کا واپسی لاکھوں میں ۔۔۔ دھمکیاں، بلیک میلنگ، صارف کے ذاتی ڈیٹا کا استعمال، یہ خلاف قانون ہے۔‘

وفاقی وزیر برائے آئی ٹی کی جانب سے مزید کہا گیا کہ ’صارفین بنا سوچے سمجھے آن لائن و سوشل میڈیا اشتہارات سے متاثر ہو کر ذاتی ڈیٹا کسی سے شیئر نہ کریں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’آن لائن ڈالرز کمانے کی مختلف پوسٹوں پر عمل میں احتیاط ضروری ہے۔ کوئی رقم یا معلومات فراہم نہ کی جائیں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی