پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستانی کرکٹ کی تاریخ پر مبنی ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ’عمران خان کو مائنس‘ کرنے پر سخت ردعمل کے بعد اسے ڈیلیٹ کر کے نئی ویڈیو اپ لوڈ کر دی ہے۔
14 اگست کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایکس (ٹوئٹر) پر ایک ویڈیو جاری کی تھی، جس میں پاکستانی کرکٹ کے تاریخی لمحات شامل کیے گئے تھے۔ دو منٹ 21 سیکنڈ کی اس ویڈیو کا آغاز قائد اعظم محمد علی جناح کے ایک قول سے کیا گیا جس کے بعد پاکستان کرکٹ کی تاریخ کو تصاویر اور ویڈیو کے ذریعے خراج تحسین پیش کیا گیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس ویڈیو میں 1952 سے لے کر 2023 میں انڈیا کو ایشیا کپ میں شکست دینے کے لمحات موجود تھے۔ 1992 میں ورلڈ کپ جیتنے کا جشن بھی ان یادوں میں شامل تھا، لیکن ورلڈ کپ جیت کے لانے والے کپتان عمران خان کی صرف ایک جھلک دکھائی گئی تھی۔
جس کے بعد سے سوشل میڈیا صارفین نے پی سی بی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ’شیم آن پی سی بی‘ کا ٹرینڈ شروع کیا، جو تین دن تک جاری رہا، جس کے نتیجے میں پی سی بی کو نئی ویڈیو پوسٹ کرنی پڑی۔
نئی ویڈیو کے ساتھ ایک وضاحت بھی پیش کی گئی ہے، جس میں لکھا گیا ہے کہ ’پی سی بی نے 2023 ورلڈ کپ کے لیے ایک پروموشنل مہم شروع کی ہے۔ ایک ویڈیو 14 اگست 2023 کو اپ لوڈ کی گئی تھی، لیکن اس کی طوالت کی وجہ سے ویڈیو کو مختصر کر دیا گیا اور کچھ اہم کلپس غائب تھے۔ اب اس ویڈیو کے مکمل ورژن میں اسے درست کیا گیا ہے۔‘
The PCB has launched a promotional campaign leading up to the CWC 2023. One of the videos was uploaded on 14th August 2023. Due to its length, the video was abridged and some important clips were missing. This has been rectified in the complete version of the video pic.twitter.com/Rz2OBDyI9i
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) August 16, 2023
لیکن یہ وضاحت بھی صارفین کو پسند نہیں آئی اور انہوں نے اسے ایک ’بہانہ‘ قرار دیا۔
جاوید اقبال نامی صارف نے پی سی بی کی وضاحت پر کہا کہ ’بلیو ٹک ہولڈر آئی فون آپریٹنگ سسٹم پر 1080 ریزولوشن میں دو گھنٹے طویل ویڈیوز اور اینڈرائیڈ پر 10 منٹ کی ویڈیوز اپ لوڈ کر سکتے ہیں۔‘
The blue tick holders can load two hours long videos at 1080 resolution on iOS and 10-minute-long videos on Android.
— Javed Iqbal (@javiqbal09) August 16, 2023
عثمان نامی صارف نے ایک ویڈیو شیئر کی اور ساتھ میں لکھا: ’پی سی بی کا کہنا کہ انہیں ویڈیو کی طوالت کا مسئلہ تھا جبکہ ان کے پاس بلیو ٹک موجود ہے۔‘
pcb saying they have a video length issue when they literally have a blue tick https://t.co/VwoOuoN2cF pic.twitter.com/2CmzTPdzz7
— عثمان (@usmssss) August 16, 2023
پی سی بی کی جانب سے نئی ویڈیو لگانے کے بعد ’سافٹ ویئر اپ ڈیٹیڈ‘ کا ٹرینڈ سر فہرست ہے کیونکہ نئی ویڈیو میں عمران خان کے کئی کلپس کو شامل کیا گیا ہے۔
ایک صارف محسن اقبال نے لکھا: ’عوام نے آخر کار سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کر دیا۔ پتہ چلا کہ کرکٹ کی تاریخ عمران خان کے بغیر ادھوری ہے۔‘
عوام نے آخر کار سافٹ وئیر اپڈیٹ کر دیا۔ پتہ چلا کہ کرکٹ کی تاریخ عمران خان کے بغیر ادھوری ہے۔
— Mohsin Iqbal (@mohsiniqbal123) August 16, 2023
نوشین اعوان نے اپنے مزاحیہ انداز میں تبصرہ کرتے ہوئے پی سی بی کو مشورہ دیا کہ ’دوبارہ بغیر دولہا کے بارات مت لے کے جانا۔‘
دوبارہ بغیر دولہا کے بارات مت لے کے جانا پی سی بی
— نوشین اعوان (@nousheen_) August 16, 2023
جبکہ ایم ایف خان نے لکھا کہ ’عام آدمی کی طاقت کو کبھی کم نہ سمجھیں۔‘
Don't underestimate The power of The common man.
— M.F.ŠÂÂD KHÂÑ (@AsaadKhan01) August 16, 2023
پی سی بی کی پچھلی ویڈیو پر پی سی بی کو تنقید کا نشانہ بنانے والوں میں پاکستانی فاسٹ بولنگ لیجنڈ وسیم اکرم بھی شامل تھے، جنہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا تھا کہ ’سری لنکا پہنچنے سے پہلے طویل پروازوں اور گھنٹوں کے ٹرانزٹ کے بعد، مجھے اپنی زندگی کا جھٹکا اس وقت لگا جب میں نے پاکستان کرکٹ کی تاریخ پر پی سی بی کا شارٹ کلپ مائنس دی گریٹ عمران خان دیکھا۔‘
After long flights and hours of transit before reaching Sri Lanka, I got the shock of my life when I watched PCB’s short clip on the history of Pakistan cricket minus the great Imran Khan… political differences apart but Imran Khan is an icon of world cricket and developed…
— Wasim Akram (@wasimakramlive) August 16, 2023
انہوں نے پی سی بی سے اس پر معافی مانگنے اور ویڈیو ڈیلیٹ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے مزید کہا تھا کہ ’سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن عمران خان عالمی کرکٹ کے لیجنڈ ہیں۔ انہوں نے اپنے دور میں پاکستان کو ایک مضبوط یونٹ کے طور پر تیار کیا اور ہمیں ایک راستہ دیا۔‘