بیٹری بنانے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی نے پہلی ’سپر فاسٹ چارجنگ‘ بیٹری لانچ کر دی ہے جو صرف 10 منٹ چارج کرنے پر 400 کلومیٹر (249 میل) کی رینج فراہم کرے گی۔
چین کی کنٹمپریری ایمپیریکس ٹیکنالوجی لمیٹڈ (سی اے ٹی ایل) نے کہا ہے کہ اس کی نئی لیتھیم آئن بیٹری سے برقی کاروں کا ایک نیا دور شروع ہوگا اور مالکان کے لیے رینج کی پریشانی ختم ہو جائے گی۔
مکمل چارج ہونے کی صورت میں یہ بیٹری 700 کلومیٹر کا سفر فراہم کر سکتی ہے، جو 2023 میں بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کے مقابلے میں تقریباً 60 فیصد زیادہ ہے۔
سی اے ٹی ایل کا کہنا ہے کہ بیٹری کی صلاحیت اور چارج ٹائم میں اضافہ ’بالکل نئے سپر کنڈکٹنگ الیکٹرولائٹ فارمولے‘ کے ذریعے حاصل کیا گیا، جس کے نتیجے میں کنڈکٹیویٹی میں بہتری آئی ہے۔
سی اے ٹی ایل کے چیف سائنس دان ڈاکٹر وو کائی نے کہا، ’ای وی بیٹری ٹیکنالوجی کا مستقبل معاشی فوائد کے ساتھ عالمی ٹیکنالوجی میں سب سے آگے رہنا چاہیے۔
’صارفین میں جیسے جیسے اضافہ ہو رہا ہے، ہمیں چاہیے کہ جدید ٹیکنالوجی کو سب کے لیے قابل رسائی اور ہر ایک کو جدت طرازی کے ثمرات سے فائدہ اٹھانے کی قابل بنائیں۔‘
سی اے ٹی ایل، جس نے 2022 میں اپنے ہر حریف کے مقابلے میں زیادہ لیتھیم آئن بیٹریاں تیار کیں، اس سال کے آخر میں اپنی مستقبل کی بیٹری کی بڑے پیمانے پر پیداوار شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
کمپنی نے یہ نہیں بتایا کہ گاڑیاں بنانے والی کون سی کمپنی سب سے پہلے اس کی بیڑیاں لے گی۔ تاہم اس کے صارفین میں بی ایم ڈبلیو، ڈیملر اے جی، ہونڈا، ٹیسلا، ٹویوٹا، ووکس ویگن اور والوو شامل ہیں۔
حالیہ برسوں میں الیکٹرک کاروں کی فروخت میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ گذشتہ سال ایسی کاروں کی فروخت ایک کروڑ سے زیادہ رہی۔ تاہم یہ اب بھی تمام کاروں کی فروخت کا پانچواں حصہ ہیں۔
انٹرنیشنل انرجی ایجنسی کے مطابق الیکٹرک گاڑی کی خریداری پر غور کرتے وقت صارفین کے لیے رینج کی پریشانی ایک اہم رکاوٹ ہے، جس نے سی اے ٹی ایل جیسے مینوفیکچررز کو اس رکاوٹ پر قابو پانے کے لیے بھاری سرمایہ کاری کرنے پر مجبور کیا ہے۔
دیگر مسائل میں بیٹری مواد تک رسائی اور بیٹری کا انحطاط شامل ہیں، اگرچہ سی اے ٹی ایل کا دعویٰ ہے کہ اس دوسرے نقطے کا اس کی حالیہ بیٹری میں کوئی مسئلہ نہیں۔
زیادہ تر بڑی کار ساز کمپنیوں نے 2040 تک انٹرنل کمبشن انجن والی کاروں کو مکمل طور پر ختم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے اور آئی ای اے کے تخمینوں سے پتہ چلتا ہے کہ الیکٹرک کاروں کی فروخت اگلے 15 برسوں میں تیل سے چلنے والی کاروں کی فروخت سے بڑھ جائے گی، جب کہ بیٹری کی کامیابی اس ٹائم سکیل کو مزید کم کر سکتی ہے۔
© The Independent