سعودی عرب اور انڈیا کے درمیان 47 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

سعودی عرب کے نائب وزیر سرمایہ کاری بدرالبدر نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور انڈیا نے دو طرفہ معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں جس کا مقصد دونوں ملکوں میں سرمایہ کاری کا ماحول بہتر بنانا ہے۔

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پیر سے انڈیا کے سرکاری دورے کا آغاز کیا ہے جہاں دونوں ممالک نے متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں۔

شہزادہ محمد بن سلمان گذشتہ جمعے کو جی 20 سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے نئی دہلی پہنچے تھے جہاں اتوار کو جی 20 اجلاس ختم ہونے پر سعودی ولی عہد نے دوطرفہ دورے کا آغاز کیا۔

سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے پیر کو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا  نئی دہلی میں راشٹرپتی بھون (انڈین صدر کی سرکاری رہائش گاہ) میں استقبال کیا۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورے کے دوران سعودی عرب اور انڈیا نے دو طرفہ معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔

عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب کے نائب وزیر سرمایہ کاری بدرالبدر نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور انڈیا نے دو طرفہ معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں جس کا مقصد دونوں ملکوں میں سرمایہ کاری کا ماحول بہتر بنانا ہے۔

نئی دہلی میں انڈیا سعودی سرمایہ کاری فورم سے خطاب کرتے ہوئے سعودی نائب وزیر کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب کی سرمایہ کاری کی وزارت اور انویسٹ انڈیا نے باہمی سرمایہ کاری کی کوششوں کو مضبوط بنانے کے لیے دو طرفہ معاہدے پر دستخط کیے ہیں اور سرمایہ کاروں اور تاجروں کو مزید کاروبار کے لیے کمفرٹ زون دیا ہے۔‘

نائب وزیر نے مزید بتایا کہ دونوں ممالک نے مفاہمت کی 47 یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں جن میں نجی اور سرکاری شعبے کے اداروں کے درمیان معاہدے بھی شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب اور انڈیا ایک دوسرے کے لیے موزوں ہیں۔ آپ کی طلب ہماری رسد ہے، اور ہماری مانگ آپ کی رسد بھی ہے۔‘

البدر نے انڈین سرمایہ کاروں اور تاجروں پر زور دیا کہ وہ سعودی عرب میں سرمایہ کاری کریں۔ البدر کے بقول: ’آپ سعودی عرب کو روایتی توانائی کے شعبے میں طویل مدتی عالمی سپر پاور کے طور پر جانتے ہیں۔ لیکن اب آپ جانتے ہیں کہ ہم نے اس سے کہیں زیادہ ترقی کی ہے. ہماری مؤثر تبدیلیاں ویژن 2030 کے فریم ورک کے تحت لائی گئی ہیں۔‘

سعودی ولی عہد کا دورہ انڈیا

یہ سعودی ولی عہد کا انڈیا کا دوسرا دورہ ہے۔ اس سے قبل وہ فروری 2019 میں بھی انڈیا کا دورہ کر چکے ہیں۔

سعودی ولی عہد نے استقبالیہ تقریب کے بعد مختصر گفتگو میں کہا کہ ’انڈیا آکر ہمیں خوشی ہوئی۔ انڈیا اور جزیرہ نما عرب کے تعلقات  ہزاروں سال پرانے ہیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

شہزادہ محمد سلمان کا کہنا تھا کہ ’انڈیا ہمارا دوست ہے اور انہوں (انڈین شہریوں) نے 70 سال سے زائد عرصے کے دوران سعودی عرب کی تعمیر میں مدد کی۔‘ ان کا کہنا تھا کہ بہت سے انڈین سعودی عرب میں کام کرتے ہیں اور ترقی میں مدد کر رہے ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور  وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو انڈیا، سعودی عرب اسٹریٹجک شراکت داری کونسل کے قیام کے معاہدے پر بھی دستخط کیے۔

اس سے قبل جی 20 رہنماؤں کے سربراہ اجلاس کے موقعے سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان نے انڈیا، مشرق وسطیٰ اور یورپ کو جوڑنے والی اقتصادی راہداری کے منصوبے کے لیے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کا اعلان کیا تھا۔

اخبار سعودی گزٹ کے مطابق اس منصوبے کا مقصد اقتصادی رابطے کو بڑھانا، بنیادی ڈھانچے کو بہتر اور اپ گریڈ کرنا اور شریک فریقوں کے درمیان تجارت کو فروغ دینا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ’یہ منصوبہ گذشتہ چند ماہ کے دوران ہماری مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ یہ ان اصولوں پر بنایا کیا گیا ہے جو اقتصادی رابطوں کو بڑھا کر اور دوسرے ممالک میں ہمارے شراکت داروں اور مجموعی طور پر عالمی معیشت پر مثبت اثرات مرتب کرکے ہمارے ممالک کے مشترکہ مفادات پورے کرتے ہیں۔‘

’یہ منصوبہ ریلوے، بندرگاہوں کو جوڑنے، اور سامان اور خدمات کی ترسیل میں اضافے سمیت بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور اپ گریڈیشن میں کردار ادا کرے گا، اس طرح شریک فریقین کے مابین تجارت میں اضافہ ہوگا۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا