پاکستان کے مشہور گلوکار بلال مقصود جنہوں نے میوزیکل گروپ سٹرنگز سے شہرت حاصل کی کہتے ہیں کہ بچوں کو سب بھول جاتے ہیں، اس لیے انہوں نے ’سیسمی اسٹریٹ‘ کی طرز پر ’پکے دوست‘ بنایا ہے۔ اس چینل کے مواد میں اردو کی حروف تہجی پر بھی ویڈیو بنائی گئی ہے جس کے بعد پہلی بار اردو کو حروفِ تہجی کی ایک دھن مل گئی۔
انہوں نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حروف پر دھن بنانے میں انہیں ڈیڑھ سال کا عرصہ لگ گیا۔
بلال مقصود نے پتلی تماشہ کی طرز پر بچوں کے لیے اردو زبان میں ایک پتلی گھر بھی تیار کیا ہے۔
اس کے لیے بلال مقصود نے خاص پتلیاں تیار کروائیں اور پھر ان کے کردار تخلیق کیے، پھر گانے بنائے اور چند خاکے بھی تیار کیے ہیں۔
بلال کے مطابق یہ ابھی ابتدا ہے اور وہ دوسرے سیزن پر بھی کام کر رہے ہیں۔ بلال مقصود نے بتایا کہ اس کام میں ان کی مدد بینش عمر اور عمر عادل نے کی ہے کیوں کہ اس کام کے لیے وہ لوگ چاہیے تھے جو بچوں سے خصوصی لگاؤ رکھتے ہوں۔
بلال مقصود کہتے ہیں کہ ’زندگی میں جو کچھ بھی سیکھا ہوتا ہے، اسے بھول کر بچوں کی طرح سوچنا ہوتا ہے، یہ اپنی ہی طرح کی ایک سائنس ہے لیکن اس کے لیے بچہ ہونا ضروری نہیں بس ان سے پیار کرنا ضروری ہوتا ہے۔‘
بلال مقصود کا کہنا تھا کہ وہ ’سیسمی اسٹریٹ‘ سے متاثر تھے اور بچپن سے اسے دیکھتے آئے تھے اور ان کا خیال تھا کہ انہیں کبھی نا کبھی تو اس میں جانا ہی ہے۔
پھر پاکستان میں رفی پیر تھیٹر نے کافی کام کیا، فاروق قیصر نے انکل سرگم بنایا اس لیے وہ اب اسے آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔
بلال مقصود نے بتایا کہ 2019 میں انکل سرگم کے خالق فاروق قیصر سے ان کی بات ہوئی تھی لیکن اس وقت وہ ’سٹرنگز‘ کا کام بھی کررہے تھے۔
بلال مقصود نے کہا کہ بچوں کو سب ہی نظرانداز کردیتے ہیں، ان کے پاس اردو میں دیکھنے کے لیے کچھ بھی نہیں ہے، تو اس لیے ان بچوں کے لیے ’پکے دوست‘ بنایا گیا ہے۔
سیاسی طنز کے بارے میں بلال مقصود نے کہا کہ وہ اسے غیر سیاسی رکھنا چاہتے ہیں اور ’بارش زیادہ ہوتی ہے تو پانی زیادہ آتا ہے‘ جیسا جملہ ایک مزاحیہ جملہ تھا، جس کی وجہ سے اسے استعمال کیا۔
بلال مقصود کہتے ہیں کہ ’یوٹیوب کا انتخاب اس لیے کہ اسے پوری دنیا میں دیکھا جا سکے، ابھی اس کا ایک سیزن آیا ہے، اب اس کا دوسرا سیزن بھی بنائیں گے۔‘
شو میں رومن اردو لکھنے کے بارے میں بلال کا کہنا تھا کہ سکرین پر جگہ محدود تھی اور اب رومن لکھنا پڑھنا زیادہ آسان ہو گیا ہے۔
بچوں کو گانے یاد کروانا مقصد ہے۔