اسلام میں انتہاپسندی کی کوئی گنجائش نہیں: آرمی چیف

آئی ایس پی آر کے مطابق پیر کو جی ایچ کیو راولپنڈی میں مسیحی وفد سے ملاقات میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ اسلام اور معاشرے میں انتہاپسندی کی کوئی گنجائش نہیں۔

25 ستمبر، 2023 کو جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی مسیحی وفد کے ہمراہ گروپ فوٹو(تصویر: آئی ایس پی آر)

پاکستان فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ اسلام اور معاشرے میں انتہاپسندی کی کوئی گنجائش نہیں اور ایک مہذب معاشرے میں کسی کو قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

پیر 25 ستمبر کو پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (ئی ایس پی آر) سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ’چرچ آف پاکستان اور بشپ آف رائے ونڈ ڈاکٹر آزاد مارشل نے مسیحی برادری کے 13 رکنی وفد کے ساتھ جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل سید عاصر منیر سے ملاقات کی۔‘

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق ملاقات کے دوران مذہبی ہم آہنگی اور دوطرفہ دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔ چیف آف آرمی سٹاف نے ملکی ترقی میں پاکستان کی مسیحی برادری کے کردار کو سراہا جن میں ملک میں معیاری تعلیم، صحت اور رفاحی سرگرمیاں اور ملکی دفاع کے لیے ان کا کردار شامل ہیں۔‘

آئی ایس پی آر کے بیان میں مزید کہا گیا کہ ’آرمی چیف نے مسیحی برادری کے لیے احترام کا اظہار کرتے ہوئے معاشرے میں مذہبی ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا تاکہ ایک متحد اور ترقی یافتہ پاکستان کے قائداعظم کے خواب پر عمل کیا جا سکے۔‘

آئی ایس پی آر کی پریس ریلیز کے مطابق ’آرمی چیف نے زور دیا کہ اسلام امن کا مذہب ہے اور معاشرے اور اسلام میں عدم برداشت اور انتہاپسندی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ مہذب معاشرے میں کسی کو بھی قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق ’مسیحی برادری کے اراکین نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور ملک میں اقلیتوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے میں پاک فوج کی کاوشوں کو سراہا۔‘

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق ’انہوں نے آرمی چیف کے اس اقدام کو پاکستانی اقلیتوں کے لیے قوم کی تعمیر میں زیادہ سے زیادہ فعال حصہ لینے اور ایک ہم آہنگ اور روادار معاشرے میں اپنے اعتماد کی بحالی کے لیے عمل کے طور پر سراہا۔‘

گذشتہ ماہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے جڑانوالہ میں مبینہ توہین مذہب کے واقعے کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر کہا تھا کہ ’کسی کو بھی قانون ہاتھ میں نہیں لینے دیا جائے گا۔‘

17 اگست 2023 کو آئی ایس پی آر انٹرن شپ پروگرام کے شرکا سے خطاب میں کہا تھا کہ ’جڑانوالہ واقعہ افسوسناک اور ناقابل برداشت ہے۔‘

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کے تمام شہری، بلاتفریق مذہب برابر ہیں۔ ایسے جرائم کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان