انڈیا: ریپ کا نشانہ بننے والی 12 سالہ بچی جس کی کسی نے مدد نہ کی

انگریزی اخبار دا انڈین ایکسپریس کی ایک خبر کے مطابق ’سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ ایک گھنٹے تک علاقے میں گھومتی رہی لیکن کوئی بھی اس کی مدد کے لیے آگے نہیں آیا۔‘

انڈیا کی ریاست اتر پردیش میں ایک 19 سالہ لڑکی کے مبینہ گینگ ریپ کے خلاف چھ اکتوبر 2020 کو انسانی حقوق کے کارکنان احتجاج کر رہے ہیں (فائل فوٹو/ اے ایف پی)

انڈیا کی ریاست مدھیا پردیش کے اجین ضلع میں ایک 12 سالہ بچی کی جس کی عصمت دری کی گئی تھی، سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی ہے جس میں گھر گھر جا کر اسے مدد مانگتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے لیکن اس کی مدد نہیں کی گئی۔

انگریزی اخبار دا انڈین ایکسپریس کی ایک خبر کے مطابق ’سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ ایک گھنٹے تک علاقے میں گھومتی رہی لیکن کوئی بھی اس کی مدد کے لیے آگے نہیں آیا۔ ایک رہائشی تو اسے بھگاتے ہوئے نظر آتا ہے۔‘

پولیس نے پیر کی شام زخمی لڑکی کو ایک آشرم کے قریب پایا اور اسے مقامی ہسپتال لے گئی، جہاں اس کا علاج جاری ہے اور اب اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

اجین کے پولیس سپرنٹنڈنٹ سچن شرما نے کہا کہ ’طبی معائنے میں عصمت دری کی تصدیق ہوئی ہے۔ ہم نے سپیشل انویسٹی گیشن ٹیم (SIT) تشکیل دی ہے اور اس کی جانچ پڑتال کر رہے ہیں۔ ہم لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ اگر انہیں کوئی اطلاع ملے تو پولیس کو مطلع کریں۔‘

پولیس کے مطابق بچی انہیں اپنا نام یا پتہ صحیح طریقے سے نہیں بتا سکی تھی۔ انہوں نے سی سی ٹی وی فوٹیج تک رسائی حاصل کی ہے اور کہا ہے کہ وہ یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ لڑکی وہاں کیسے پہنچی اور کہاں اس پر حملہ کیا گیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دا انڈین ایکسپریس کے مطابق پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف زیادتی کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس اس کے اہل خانہ کا سراغ لگانے کی کوشش کر رہی ہے اور گاڑیوں کی نقل و حرکت کا اور مجرموں کو پکڑنے کی کوشش میں تکنیکی تفتیش بھی شروع کر دی ہے۔

کانگریس کے رہنما اور مدھیا پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے اس واقعے پر اپنی پریشانی کا اظہار کیا اور وزیر اعلیٰ شیو راج سنگھ چوہان سے کہا کہ وہ متاثرہ خاتون کے لیے ایک کروڑ انڈین روپے کی امداد کا اعلان اور ملزمان کو سخت سزا دیں۔

کمل ناتھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لکھا: ’اجین میں ایک چھوٹی لڑکی کے ساتھ انتہائی ظالمانہ زیادتی کا معاملہ دل دہلا دینے والا ہے۔ 12 سالہ بیٹی کے ساتھ جس طرح کی عصمت دری ہوئی اور جس طرح وہ نیم عریاں حالت میں شہر کے کئی علاقوں میں بھاگی اور پھر سڑک پر بے ہوش ہو کر گر گئی، وہ انسانیت کو شرمسار کر دیتا ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی خواتین