آرمی چیف کہہ چکے سمگلرز کا کورٹ مارشل ہو گا: نگران وزیر داخلہ 

سرفراز بگٹی نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ آرمی چیف واضح طور پر اپنے لوگوں کو کہہ دیا ہے ’ کہ نہ صرف کورٹ مارشل ہوں گے بلکہ جو لوگ اس طرح کی پریکٹسز میں ملوث ہوں گے انہیں جیل بھی بھیجا جائے گا۔‘ 

پاکستان کے نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے دو اکتوبر 2023 کو اسلام آباد میں نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کے ہمراہ پریس کانفرنس کی ہے (تصویر: وزارت داخلہ)

پاکستان کے نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے پیر کو کہا ہے کہ فوج کے سربراہ جنرل عاصم مینر واضح ہدایات دے چکے ہیں کہ سمگلنگ میں ملوث اہلکاروں کا کورٹ مارشل ہو گا۔ 

ملک میں سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور اسلام آباد میں پیر کو سرفراز بگٹی نے حکومت کی طرف سے کیے گئے اقدامات کی تفصیلات ایک پریس کانفرنس میں بتائیں۔ 

پریس کانفرنس میں جب ایک صحافی نے نگران وزیر داخلہ سے پوچھا کہ ’پاکستان میں عام طور پر الزام لگایا جاتا ہے کہ سکیورٹی ایجنسیز اور خاص طور پر وہ لوگ جو بارڈر پر تعینات ہیں زیادہ تر سمگلنگ ان کی ناک کے نیچے ہوتی ہے۔‘

اس سوال کے جواب میں سرفراز بگٹی نے کہا کہ ’یہ بات آپ کی بہت حد تک درست ہے، سو فیصد درست ہے۔ اگر میں یہ سیدھا سیدھا کہہ دوں کہ وہ (سکیورٹی اہلکار) تو ملوث ہی نہیں تھے تو یہ مناسب نہیں ہے کیونکہ یہ سمگلنگ جتنی بھی ہوئی ہے یہ اونٹوں پر نہیں ہوئی ہے یہ سمگلنگ ٹرکوں پر ہوئی ہے۔‘ 

سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کی فوج کے آرمی چیف، انہوں نے بڑے واضح طور پر اپنے لوگوں کو کہہ دیا ہے، میں اس میٹنگ میں موجود تھا جس میں بڑی واضح ہدایات تھیں کہ نہ صرف کورٹ مارشل ہوں گے بلکہ جو لوگ اس طرح کی پریکٹسز میں ملوث ہوں گے انہیں جیل بھی بھیجا جائے گا۔‘ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

تاہم نگران وزیر داخلہ نے یہ نہیں بتایا کہ آرمی چیف نے کس میٹنگ اور کب ایسا کہا۔ جب کہ پاکستانی فوج کی طرف سے بھی کوئی ایسا بیان سامنے نہیں آیا ہے جس میں سمگلنگ میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کورٹ مارشل کی کارروائی کا کہا گیا ہو۔ 

نگران وزیر داخلہ نے یہ بھی وضاحت کی کہ وہ فوج کے اندر خود احتسابی کا مروجہ طریقہ کار موجود ہے۔ ’ان کے (فوج کے اندر) احتساب کا طریقہ کار پبلک ہوتا نہیں ہے اس لیے ہمیں پتہ نہیں چلتا لیکن فوج کا اپنا احتساب کا طریقہ ہے وہ ہم نے نہ صرف یہاں دیکھا بلکہ نو مئی میں بھی دیکھ لی ہے۔ ان کا احتساب ہوتا ہے ہمارے ہاں جو کمزوریاں ہیں ہمیں انہیں دیکھنے کی زیادہ ضرورت ہے۔‘

نگران حکومت نے رواں ماہ کے اوائل میں سمگلنگ کے خلاف ملک بھر میں کریک ڈاؤن کا آغاز کیا تھا اور سرحدوں کی کڑی نگرانی شروع کر دی گئی۔

اسلام آباد میں پیر کو وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں سرفراز بگٹی نے ملک بھر میں ڈالر، چینی اور گندم کی سمگلنگ کے حوالے سے بتایا کہ اس سلسلے میں ہزاروں میٹرک ٹن گندم، چینی اور تیل برآمد کیا گیا ہے جبکہ ڈالر کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائی میں 65 کروڑ روپے بھی برآمد کیے جا چکے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان