اپنے سے بہتر ٹیم کو مات، خوشی کی آنسو، سجدے اور ’پاکستان پاکستان‘ کے نعروں سے گونجتا اسلام آباد کا جناح سٹیڈیم۔۔۔ یہ کہانی ہے پاکستان فٹ بال ٹیم کی آج کمبوڈیا کے خلاف تاریخی جیت کی۔
پاکستان نے فیفا ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کے دوسرے میچ میں آج کمبوڈیا کو ایک صفر سے ہرایا تو میدان پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا اور دیکھتے ہی دیکھتے شائقین پچ پر پاکستان کھلاڑیوں کے بیچ جا پہنچے۔
پاکستان کے لیے یہ جیت اس لحاظ سے تاریخی ہے کیونکہ آٹھ سال کے بعد پاکستان میں کوئی انٹرنیشنل فٹ بال میچ کھیلا گیا ہے۔ اس آٹھ سالوں میں پاکستانی فٹ بال نے اپنا تاریک ترین دور دیکھا ہے جس میں بدترین فیفا رینکنگ سے لے کر فیفا کی جانب سے معطلی تک تاریکی کے سائے منڈلائے رہے۔
انٹرنیشنل میچ کے علاوہ، فیفا ورلڈ کپ کوالیفانئگ کا کوئی میچ 16 سال بعد پاکستان میں کھیلا گیا۔ اسی وجہ سے پاکستان کی اس جیت کو تاریخی قرار دیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پاکستان کی جانب سے 68 ویں منٹ میں 19 سالہ ہارون حامد نے فیصلہ کن گول سکور کیا۔ ہارون حامد لیگ فٹ بال انگلینڈ میں کھیلتے رہے ہیں۔ وہ انگلینڈ کے کوئین پارک رینجرز کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
پاکستان شائقین کو سکواڈ میں اوٹس خان کا بھی انتظار تھا۔ اوٹس خان برطانوی نژاد پاکستانی فٹ بالر ہیں جنہیں فیفا کی جانب سے کلیئرنس نہ ملنے کی وجہ سے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔
اسلام آباد کی رہائشی اور فٹ بال فین ایمان مصطفیٰ نے اپنے ہاتھ میں پلے کارڈ اٹھا رکھا تھا جس پر انہوں نے اوٹس خان سے ان کی شرٹ کی درخواست کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اوٹس خان ان کے فیورٹ کھلاڑی ہیں۔
جناح سٹیڈیم میں میچ کا آغاز دوپہر دو بجے ہوا تو میدان میں شائقین کی تعداد بہت زیادہ نہیں تھی۔ تاہم وقت کے ساتھ ساتھ شائقین کے لیے مختص سٹینڈ بھرتے ہوئے دکھائی دیے۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوسرے کوالیفائنگ راؤنڈ میں جانے کے بعد اب پاکستان سعودی عرب، اردن اور تاجکستان میں گروپ میں چلا گیا ہے۔