ورلڈ کپ میں روایتی حریف انڈیا کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان کے بلے باز سعود شکیل نے بدھ کو ٹیم کے پرجوش حامیوں کی عدم موجودگی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی ٹیم کو ورلڈ کپ 2023 میں ’اضافی دباؤ‘ کی بھاری قیمت چکانا پڑی ہے۔
احمد آباد کے ایک لاکھ 32 ہزار افراد کی گنجائش والے سٹیڈیم میں ہفتے کو پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جہاں پاکستان کے سپورٹرز چند ہی تھے۔
بابر اعظم کی ٹیم 30ویں اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز سے لڑکھڑائی اور 191 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔
شکیل نے بدھ کو اے ایف پی کو بتایا: ’مجھے لگتا ہے کہ ہم اضافی دباؤ میں تھے لہذا ہم نے اس سے باہر نکلنے کی کوشش کی اور شاٹس کھیلنا شروع کر دیے۔‘
تھوڑے سے پاکستانی شائقین میں برطانوی اور امریکی نژاد تھے۔
ویزا حاصل کرنے میں ناکامی کے بعد سرحد پار سے آنے والے حامیوں پر سخت پابندی عائد ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ویزے میں تاخیر پر عالمی گورننگ باڈی میں باضابطہ شکایت درج کرائی ہے، جس کی وجہ سے ملک کے میڈیا کے بہت سے رپورٹرز بھی اپنے ملک میں ہی رہ گئے۔
پی سی بی نے احمد آباد میچ میں پاکستانی سکواڈ کے ساتھ انڈین شائقین کے ’نامناسب رویے‘ پر بھی شکایت کی۔
شکیل نے مزید کہا، ’جب آپ کے پاس اپنا ہجوم ہوتا ہے تو آپ کو سپورٹ ملتی ہے۔ ہمیں یہ نہ ملا اور یہ ہمارے ہاتھ میں نہیں تھا۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
آٹھویں ورلڈ کپ میں اپنے روایتی حریفوں کے ہاتھوں آٹھویں شکست کے باوجود پاکستان اب بھی نیدرلینڈز اور سری لنکا کے خلاف فتح کے بعد ٹورنامنٹ میں اچھی پوزیشن پر ہے۔
مڈل آرڈر بلے باز شکیل نے نیدرلینڈز کے خلاف 68 رنز بنائے جبکہ سری لنکا کے خلاف میچ میں 31 رنز بنائے۔ وہ انڈیا کے خلاف صرف چھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے۔
پاکستان کا اگلا بڑا مقابلہ جمعہ کو بنگلورو میں پانچ بار کے چیمپیئن آسٹریلیا سے ہو گا۔
انہوں نے کہا: ’گذشتہ میچ میں ہم نے جو غلطیاں کیں، ہمیں ان پر قابو پانا ہو گا۔ وہ میچ ختم ہو گیا ہے۔ اگر ہم آسٹریلیا کے خلاف جیت گئے تو ہماری پوزیشن بہتر ہو جائے گی۔
’ورلڈ کپ میں آسٹریلیا ہمیشہ اچھا رہا ہے۔ وہ ایک بہت اچھی ٹیم ہیں۔ ہم اپنا پتہ ہے اور ہمیں اچھی کرکٹ کھیلنا ہو گی۔ ہم نے دو میچ جیت کر ٹورنامنٹ کا اچھا آغاز کیا ہے۔ ہم ہر میچ پر توجہ دینا دینا چاہتے ہیں اور وہ غلطیاں نہیں کرنا چاہتے جو ہم نے انڈیا کے خلاف کی تھیں۔‘
بدھ کو محمد حارث کے علاوہ تمام پاکستانی کھلاڑیوں نے بنگلورو میں ٹریننگ کی۔
احمد آباد سے آنے کے بعد حارث اب بھی بخار میں مبتلا ہیں جس کے باعث سکواڈ میں دیگر کھلاڑی بھی متاثر ہوئے۔
سٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور اوپنر عبداللہ شفیق سب سے زیادہ متاثر ہوئے لیکن وہ چناسومی سٹیڈیم میں نیٹ پر موجود تھے۔