ایلون مسک کی ویب سائٹ ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) بوٹ سرگرمی کو کم کرنے کے پروگرام کے حصے کے طور نیوزی لینڈ اور فلپائن میں ویب ایپلی کیشن کے ذریعے پلیٹ فارم پر آنے والے صارفین سے سالانہ ایک ڈالر وصول کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔
کمپنی نے منگل کو اپنی ویب سائٹ پر ایک ہیلپ سینٹر پوسٹ میں لکھا کہ یہ سبسکرپشن ایکس کے ’ناٹ اے بوٹ‘ (Not a Bot) پروگرام کا حصہ ہے، جس میں ’سپیم، ہمارے پلیٹ فارم میں ہیرا پھیری اور بوٹ کی سرگرمی کم کرنے کے لیے ہماری پہلے سے ہی اہم کوششوں کو تقویت دینے کی کاوش کی گئی ہے۔‘
غیر دسخط شدہ پوسٹ میں کہا گیا کہ پائلٹ پروگرام کے ایک حصے کے طور پر ان دونوں ممالک میں ویب سائٹ کے ذریعے سائن اپ کرنے والے نئے صارفین کو فون نمبر سے بھی اپنے اکاؤنٹ کی تصدیق کرنا ہو گی۔
یہ واضح نہیں ہے کہ سبسکرپشن پروگرام صرف ان دو ممالک میں ہی کیوں شروع کیا جا رہا ہے، اور بالخصوص موبائل ایپ کی بجائے ایکس ویب سائٹ کے ذریعے آنے والے نئے صارفین کے لیے۔
تاہم، ناٹ اے بوٹ کی شرائط و ضوابط سے پتہ چلتا ہے کہ لوگ ایکس کے آئی او ایس اور اینڈروئیڈ ایپس سے بھی اس پروگرام کو سبسکرائب کر سکتے ہیں، جبکہ مرکزی ہیلپ سینٹر صرف مخصوص ویب پوسٹ کرتا ہے۔
ایکس نے فوری طور پر دی انڈپینڈنٹ کی تبصرے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔
کمپنی نے پوسٹ کیا، ’17 اکتوبر، 2023 سے ہم نے ’ناٹ اے بوٹ‘ کی آزمائش شروع کر دی ہے، جو دو ممالک میں نئے صارفین کے لیے سبسکرپشن کا ایک نیا طریقہ ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
یہ چھوٹی سی رقم کےعوض پلیٹ تک رسائی کے ساتھ ایکس پر بوٹس اور سپیمرز کا مقابلہ کرنے میں ہماری مدد کے لیے ممکنہ طور پر طاقتور اقدام کا جائزہ لے گا۔
اس ٹیسٹ میں موجودہ صارفین متاثر نہیں ہوں گے۔
ایکس نے لکھا، ’پلیٹ فارم کے ویب ورژن کے لیے ایک ڈالر کے عوض سبسکرائب کرنے کا انتخاب کرنے والے صارفین کانٹینٹ پوسٹ، لائیک پوسٹ، جواب، ری پوسٹ اور دوسرے اکاؤنٹس کی پوسٹس کو دوبارہ پوسٹ اور کوٹ کرنے سمیت پوسٹس کو بک مارک بھی کر سکیں گے۔‘
کپمنی نے لکھا، ’تاہم، جو لوگ ویب ایپلی کیشن میں اس سبسکرپشن سے باہر نکلتے ہیں وہ ’صرف ’ریڈ اونلی‘ کر سکیں گے، جیسا کہ: پوسٹس پڑھنا، ویڈیوز دیکھنا، اور اکاؤنٹس فالو کرنا۔‘
مزید لکھا کہ ’اس نئے پروگرام کا مقصد بوٹس اور سپیمرز کے خلاف دفاع کرنا ہے جو پلیٹ فارم کو ہیرا پھیری کرنے اور دوسرے ایکس صارفین کے تجربے میں خلل ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ہم جلد ہی نتائج کے متعلق مزید شیئر کریں گے۔‘
حالیہ پروگرام ایکس کے پریمیم آٹھ ڈالر سبسکرپشن آپشن کے علاوہ ہے۔
نئے پروگرام کے بارے میں ایکس پر ایک پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے ایلون مسک نے کہا، ’اصل صارفین کو بلاک کیے بغیر بوٹس سے لڑنے کا یہ واحد طریقہ ہے۔ ’ٹھیک ہے، مفت میں پڑھیں، لیکن لکھنے کے لیے ایک ڈالر سالانہ۔ یہ بوٹس کو مکمل طور پر نہیں روکے گا، لیکن پلیٹ فارم میں ہیرا پھیری کرنا ایک ہزار گنا مشکل ہو گا۔‘
ایکس کا تازہ ترین فیصلہ ٹیسلا کے بانی ایلون مسک کے اس مقصد کے عین مطابق ہے جس کے تحت ٹوئٹر خریدنے سے بھی قبل اس پلیٹ فارم سے بوٹس سرگرمیوں کو روکنا چاہتے تھے۔
انہوں نے شروع سے ہی یہ بھی کہا ہے کہ صارفین سے پیسے وصول کر کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر بوٹ سرگرمی کو روکا جائے گی حالانکہ پتہ چلا ہے کہ تھوڑے سے صارفین نے ان کی آٹھ ڈالر کی پریمیم سروس کو سبسکرائب کیا ہے۔
لیکن مسک کا کہنا ہے کہ سبسکرپشن فیس کے باعث بوٹس کے لیے اکاؤنٹ بنانا مشکل ہو جائے گا کیونکہ ہر بوٹ کو پلیٹ فارم پر رجسٹر ہونے کے لیے ایک نیا کریڈٹ کارڈ درکار ہو گا۔
مسک نے گذشتہ ماہ کہا تھا، ’بوٹس کی بڑی فوجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے مجھے ایک یہی راستہ سمجھ آتا ہے۔‘
انہوں نے وضاحت کیا، ’چونکہ ایک بوٹ کی لاگت پینی کا ایک چھوٹا سا حصہ ہے– اسے ایک پینی کا دسواں حصہ کہہ لیں– لیکن اگر اسے چند ڈالر ادا کرنے پڑیں تو بھی بوٹس کی قیمت بہت زیادہ ہے۔‘
© The Independent