اسرائیل سے پرواز کی آمد پر روس کے مسلم اکثریتی علاقے داغستان کے ہوائی اڈے پر اتوار کو سینکڑوں مظاہرین ائیر پورٹ میں داخل ہو گئے۔
فلسطین کے جھنڈے اٹھائے اور اللہ اکبر کے نعرے لگاتے مظاہرین ہوائی اڈے کے مختلف حصوں سے ہوتے ہوئے رن وے تک جا پہنچے۔
روسی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ اتوار کو داغستان کے ایک ہوائی اڈے پر دھاوا بولنے والے مظاہرین میں سے 60 کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق علاقائی دارالحکومت مکھاچکلا کے ہوائی اڈے سے حاصل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اتوار کی شام مظاہرین، جن میں زیادہ تر نوجوان تھے، فلسطینی جھنڈے اٹھائے اور ’اللہ اکبر‘ کے نعرے لگاتے ہوئے ہوائی اڈے کے مختلف حصوں سے گزر رہے ہیں۔
مقامی حکام کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی جانب سے حالات پر قابو پانے سے قبل ہوائی اڈے پر 20 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔
سکیورٹی فورسز نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ طیارے میں سوار مسافر محفوظ ہیں۔
اس بدمنی سے قبل روس کے شمالی علاقے قفقاز میں اسرائیل مخالف کئی دیگر واقعات بھی پیش آ چکے ہیں جنہیں غزہ میں فلسطینی گروپ حماس کے خلاف اسرائیل جارحیت کا ردعمل کہا جا رہا ہے۔
قبل ازیں داغستانی حکومت نے کہا تھا کہ 30 لاکھ آبادی والے اس خطے میں سکیورٹی اقدامات کو بڑھایا جا رہا ہے۔
روسی ایوی ایشن اتھارٹی نے سکیورٹی چیکنگ مکمل ہونے تک ہوائی اڈے کو پروازوں کے لیے بند کر دیا ہے۔
اسرائیل نے روسی حکام پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی حدود میں اسرائیلیوں اور یہودیوں کا تحفظ کریں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نتن یاہو کے دفتر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ’اسرائیل روسی قانون نافذ کرنے والے حکام سے توقع کرتا ہے کہ وہ تمام اسرائیلی شہریوں اور یہودیوں کی حفاظت کریں گے اور فسادیوں اور یہودیوں اور اسرائیلیوں کے خلاف وحشیانہ اشتعال انگیزی کے خلاف بھرپور کارروائی کریں گے۔‘
غزہ پر اسرائیلی بمباری میں جنگ بندی کی حمایت کرتے ہوئے علاقائی داغستانی حکومت نے شہریوں سے پرامن رہنے اور اس طرح کے مظاہروں میں شرکت نہ کرنے کی اپیل کی۔
داغستانی حکومت نے ٹیلی گرام پر لکھا کہ ’ہم جمہوریہ کے باشندوں پر زور دیتے ہیں کہ وہ دنیا کی موجودہ صورت حال میں عقل سے کام لیں۔ وفاقی حکام اور بین الاقوامی تنظیمیں غزہ کے شہریوں کے خلاف جنگ بندی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہیں- ہم جمہوریہ کے باشندوں پر زور دیتے ہیں کہ وہ خطرناک گروہوں کی اشتعال انگیزیوں میں نہ آئیں اور معاشرے میں خوف و ہراس پیدا نہ کریں۔‘
داغستان کے سپریم مفتی شیخ احمد آفندی نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ہوائی اڈے پر بدامنی بند کریں۔
انہوں نے ٹیلی گرام پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں کہا کہ ’آپ غلطی کر رہے ہیں۔ اس مسئلے کو ایسے حل نہیں کیا جا سکتا۔ ہم آپ کے غصے کو بہت تکلیف دہ انداز میں سمجھتے اور محسوس کرتے ہیں۔ ہم اس مسئلے کو مختلف طریقے سے حل کریں گے۔ ریلیوں کے ساتھ نہیں، بلکہ مناسب طریقے سے۔‘