اسلام آباد میں ذرائع کے مطابق منگل کو افغان سفارت خانے کے نمائندے کو پاکستان کے دفتر خارجہ طلب کیا گیا جہاں ان سے بنوں دھماکے پر شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق خیبرپختوبخوا کے ضلع بنوں میں 26 نومبر کو مبینہ طور پر ایک افغان شہری نے سکیورٹی فورسز پر خودکش حملہ کیا جس کی ذمہ داری حافظ گل بہادر گروپ نے قبول کی ہے۔
اسلام آباد میں افغان سفارت خانے کے نمائندے کو دفتر خارجہ طلب کر کے ان سے بنوں حملے کے سہولت کاروں اور حملہ آوروں کے خلاف تحقیقات اور کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق افغان نمائندے سے کہا گیا ہے کہ افغانستان دہشت گرد گروپوں اور ان کے ٹھکانوں پر فوری مصدقہ کاررائیاں کرے۔
اس کے علاوہ ان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ حافظ گل بہادر کو گرفتار کر کے پاکستان کے حوالے کیا جائے۔ ساتھ ہی ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے افغان نمائندے کو ایک بار پھر افغان سرزمین دہشت گردی کے لیے پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکا جائے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
خیبرپختوخوا کے ضلع بنوں میں 26 نومبر کو ہونے والے خودکش حملے میں دو افراد جان سے گئے تھے۔
پاکستان فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے پیر کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق ’ضلع بنوں کے علاقے بکہ خیل میں ایک موٹر سائیکل سوار نے سکیورٹی فورسز کے قافلے میں گھس کر خود کو دھماکے سے اڑا دیا تھا۔‘
آئی ایس پی آر کے مطابق ’خود کش حملے کے نتیجے میں دو عام شہری جان سے گئے، جبکہ سات دوسرے شہری اور تین فوجی اہلکار زخمی ہوئے تھے۔‘