کوے پسندیدہ خوراک کے لیے انتظار کرتے ہیں: تحقیق

ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ کوؤں میں خود پر ضبط کی صلاحیت موجود ہے اور وہ اپنی پسندیدہ خوراک پانے کے لیے انتظار کرتے ہیں چاہے کوئی حریف پرندہ موجود ہو یا نہ ہو۔

تحقیق کے مطابق کوے اپنی پسندیدہ خوراک پانے کے لیے انتظار کرتے ہیں (پکسا بے)

ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ کوے اپنی پسندیدہ خوراک پانے کے لیے انتظار کرتے ہیں چاہے کوئی حریف پرندہ موجود ہو یا نہ ہو۔

تاہم اینگلیا رسکن اور کیمبرج یونیورسٹیوں کی تحقیق کے مطابق کسی دوسرے پرندے کی موجودگی کی صورت میں نیل کنٹھ پسندیدہ خوراک کے انتظار اور اس سے محرومی کا خطرہ لینے کی بجائے کم پسندیدہ خوراک پر اکتفا کرتے ہیں۔

تحقیق کے مصنفین کا کہنا ہے کہ دونوں قسم کے پرندے کسی بہتر شے کا انتظار کرتے ہوئے تاخیر کے ساتھ لطف اندوز ہونے کے لیے خود پر ضبط کی صلاحیت کی مالک ہیں۔

تحقیق کی شریک مصنف اور اینگلیا رسکن یونیورسٹی میں بائیولوجی کی سینیئر لیکچرر ریچل ملر کا کہنا تھا کہ نیل کنٹھ، کوؤں کے مقابلے میں کم ملنسار ہوتے ہیں اور ان میں خوراک چھپانے کا رجحان پایا جاتا ہے تاکہ وہ اسے بعد میں کھا کر زندہ رہ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ شاید یہی وجہ ہے کہ نیل کنٹھ اپنی حکمت عملی تبدیل کرتے نظر آتے ہیں اور جب کوئی دوسرا پرندہ موجود ہوتا ہے تو وہ اپنی کم پسندیدہ لیکن فوری طور پر دستیاب خوراک کو پانے کا انتخاب کرتے ہیں۔

محققین نے چھ نیو کیلیڈونیائی کوؤں اور پانچ یوریشین نیل کنٹھ پرندوں کے رویے کا جائزہ لیا، جب انہیں گھومنے والی ٹرے پر کھانے کی دو قسم کی اشیا دی گئیں۔ ایک خوراک بہتر اور دوسری کم معیار کی تھی۔

نیل کنٹھ کے لیے اعلیٰ معیار کا کھانا خوراک میں پایا جانے والا کیڑا تھا اور کم معیار کا کھانا روٹی تھا جب کہ کوؤں کے لیے پسندیدہ خوراک گوشت تھی اور کم پسندیدہ خوراک سیب تھی۔

پرندوں کو پلاسٹک کے شفاف پیالوں کے نیچے سے کھانا نکالنا پڑا۔

ہر پرندے کو الگ الگ جانچا گیا۔ جب گھومنے والی ٹرے میں دونوں قسم کا کھانا رکھا گیا تو وہ دیکھ رہے تھے۔

اسی دوران ایک دوسرا پرندہ خواہ وہ براہ راست حریف ہو اور مقابلہ کرنے والا نہ ہو، وہ ملحقہ ڈبے میں موجود رہا۔

گھومنے والی ٹرے پر کم پسندیدہ کھانے کا انتخاب دستیاب ہونے سے ٹھیک پہلے ڈبوں کے درمیان کا دروازہ کھول دیا گیا، جس سے دوسرے پرندے کو رسائی مل گئی۔

اس کے بعد جس پرندے کی جانچ کی جا رہی تھی وہ فوری طور پر دستیاب خوراک کا انتخاب یا 15 سیکنڈ کے بعد ملنے والی پسندیدہ خوراک کا انتظار کر سکتا تھا۔

مطالعے سے پتہ چلا کہ ہر نیل کنٹھ نے اکیلے رہتے ہوئے اعلیٰ معیار کی تاخیر سے ملنے والی خوراک (خوراک کے کیڑے) کا انتخاب کیا لیکن اس وقت فوری دستیاب کھانے (روٹی) کا انتخاب کیا جب حریف یا مقابلہ کرنے والا پرندہ موجود تھا۔

اس کے برعکس ہر کوا اپنی جگہ موجود رہا اور تینوں طرح کے امتحانی حالات میں فوری دستیاب کم ترجیحی آپشن (سیب) کی بجائے اعلیٰ معیار کی تاخیر سے ملنے والی خوراک (گوشت) کا انتظار کرتا رہا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ڈاکٹر ملر کا کہنا تھا کہ ’تاخیر سے ملنے والی پسندیدہ خوراک، اس معاملے میں فوری دستیاب چھوٹے کھانے سے انکار اور کسی بہتر چیز کا انتظار کرنا، خود پر قابو پانے کی صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے۔‘

بقول ملر: ’ہم نے کم عمر بچوں میں خود پر ضبط کے تقابلی جائزے کے لیے بھی اس گھومنے والی ٹرے سے کام لیا۔

’یوریشین نیل کنٹھ اور نیو کیلیڈونیائی کوا دونوں بہتر خوراک سے لطف اندوز ہونے کے لیے انتظار کی صلاحیت رکھتے ہیں اور ہمیں توقع تھی کہ دونوں نسلیں اکیلے اور ممکنہ طور پر مقابلے پر نہ آنے والے پرندے کی موجودگی میں اعلیٰ معیار کی اور پسندیدہ خوراک  کا انتظار کریں گی لیکن جب کوئی حریف موجود ہو تو کم معیار کی فوری دستیاب خوراک کا انتخاب کریں گے کیوں کہ انتظار کرنے کی صورت میں خوراک سے محرومی کا خطرہ درپیش ہو سکتا ہے۔

’دلچسپ بات یہ ہے کہ ہمیں پتہ چلا کہ نیل کنٹھ دیر سے پسندیدہ خوراک پانے کے رویے میں انتہائی لچکدار تھے اور یہ عمل مکمل طور پر دوسرے پرندوں کی موجودگی سے متاثر تھا لیکن کوؤں نے مسلسل بہتر اور تاخیر سے والی خوراک یعنی انعام کا انتخاب کیا، اس کے باوجود کہ حریف پرندے موجود تھے۔

’یہ نتائج خود پر قابو رکھنے اور جانوروں میں تاخیر سے لطف اندوز کے رویے پر اثر انداز ہونے والے عوامل کے بارے میں ہماری سمجھ بوجھ میں اضافہ کرتے ہیں، جس کا تعلق کسی خاص نسل کی معاشرتی رواداری اور مقابلے کی سطحوں سے متعلق ہوسکتا ہے۔

’نیو کیلیڈونیائی کوے یوریشین نیل کنٹھ کے مقابلے میں دوسروں کے ساتھ زیادہ ملنسار اور روادار ہوتے ہیں اور اگرچہ دونوں بعد میں استعمال کے لیے کھانے کو چھپاتے ہیں لیکن نیل کنٹھ اپنی بقا کے لیے اس حکمت عملی پر زیادہ انحصار کرتے ہیں۔

’اس سے اس بات کی وضاحت ہوسکتی ہے کہ جب حریف پرندے موجود تھے تو زیادہ تعداد میں علاقائی نیل کنٹھ نے خوراک سے مکمل طور پر محروم ہونے سے بچنے کے لیے فوری دستیاب کم پسندیدہ کھانے کا انتخاب کرتے ہوئے اپنی حکمت عملی کیوں تبدیل کی۔‘

یہ تحقیق ’پلوس ون‘ نامی جریدے میں شائع ہوئی۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی تحقیق