ایشین فٹ بال کنفیڈریشن (اے ایف سی) کی گورننگ باڈی نے کہا ہے کہ فلسطین کے فٹ بال کلب جبل المکبر نے اسرائیل کی جانب سے غزہ میں جاری جارحیت کے نتیجے میں اے ایف سی کپ سے دستبرداری کا اعلان کردیا ہے۔
اے ایف سی کی آفیشل ویب سائٹ پر جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا کہ فلسطین فٹ بال ایسوسی ایشن نے جبل المکبر کلب کے مقابلے سے دستبرداری کے فیصلے سے کوالالمپور میں قائم تنظیم کو آگاہ کر دیا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
کنفیڈریشن نے کہا: ’اے ایف سی نے افسوس کے ساتھ کلب کی دستبرداری کے فیصلے کو نوٹ کیا اور اب معاملہ مزید کارروائی کے لیے اے ایف سی مقابلہ کمیٹی کو بھیج دیا گیا ہے۔‘
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جبل المکبر نے مقابلے کے گروپ اے میں اپنا پہلا میچ شام کے الفتوا کلب کے خلاف ایک۔صفر سے جیتا تھا جبکہ سات اکتوبر کو اسرائیل پر حماس کے حملے سے قبل عمان کے النہدہ کلب سے یہ ٹیم صفر۔چار سے ہار گئی تھی۔
مقابلے سے دستبرداری کا مطلب ہے کہ اے ایف سی ٹورنامنٹ کے ضوابط کے مطابق جبل المکبر کے میچوں کے تمام نتائج منسوخ کرکے کالعدم تصور کیے جائیں گے۔
فلسطینی قومی ٹیم کا گذشتہ ماہ آسٹریلیا کے خلاف مقبوضہ مغربی کنارے میں کھیلا جانے والا ورلڈ کپ کوالیفائر بھی سکیورٹی خدشات کے باعث کویت منتقل کر دیا گیا تھا۔