وزیر ثقافت و نوادرات سندھ ڈاکٹر جنید علی شاہ نے اتوار کو کہا ہے کہ کوٹ ڈیجی قلعے سے منتقل اور چوری ہونے والی توپوں میں سے چھ توپوں کو واپس کروا لیا گیا ہے۔
وزارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ نگران وزیر سندھ ڈاکٹر سید جنید علی شاہ نے خیرپور میں کوٹ ڈیجی کا دورہ کیا اور قلعے سے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔
صوبائی وزیر ثقافت سندھ نے اس موقعے پر کوٹ ڈیجی قلعے میں نصب ہونے والی دو توپوں کا بھی جائزہ لیا۔
انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا: ’واپس ہونے والی چھ توپوں میں سے دو توپوں کو قلعے میں نصب کروا دیا ہے جبکہ چار توپوں کی جگہ کی نشاندہی کردی گئی ہے۔‘
ڈاکٹر سید جنید علی شاہ نے کہا: ’قلعے سے منسوب تمام تر نوادرات واپس کروائی جائیں گی اور کوٹ ڈیجی قلعے کے تاریخی حسن کو مزید بحال کروایا جائے گا۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
صوبائی وزیر ثقافت نے شاگردوں کے لیے سندھ بھر کے تاریخی مقامات اور میوزیم کی اینٹری فیس ختم کرنے کا بھی اعلان کیا۔
ان کے مطابق سندھ بھر کی تمام ’ہیریٹیج سائیٹس اور میوزیمز‘ میں طالب علموں کا داخلہ مفت ہوگا۔
ڈاکٹر سید جنید علی شاہ نے کہا: ’سندھ کے نوجوانوں کو اپنی ہزار سالہ تاریخ کو آگے لے کر چلنا ہے۔ نوجوانوں میں ہیریٹیج سائیٹس کی اہمیت کے متعلق آگہی کے لیے ہمیں اپنی بہت کام کرنا ہے۔‘
بیان کے مطابق کوٹ ڈیجی قلعے میں انفارمیشن اینڈ فیسلیٹیشن کاؤنٹر بنایا جائے گا تا کہ آگے والے سیاحوں کو سہولت اور آگہی مل سکے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ کوٹ دیجی قلعے پر شاندار میوزیم کی تعمیر کا کام بھی مکمل ہوگیا ہے، جس کا افتتاح جنوری کے وسط میں کیا جائے گا۔
ہیریٹیج سائیٹس تک رسائی میں آسانی کے لیے بلدیاتی حکومتوں کو خط لکھیں گے کہ سڑکوں کی مرمت کے ساتھ ساتھ معلوماتی بورڈز لگائیں۔
مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔