یاسرعرفات پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہائی پرفارمنس کوچ مقرر

41 سالہ یاسرعرفات نے پاکستان کی جانب سے تین ٹیسٹ، 11 ون ڈے اور 13 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے ہیں۔

یاسر عرفات 8 دسمبر، 2007 کو بنگلور میں انڈیا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں انڈین بیٹر راہول ڈریوڈ کو آؤٹ کرنے کے بعد (اے ایف پی)

سابق ٹیسٹ آل راؤنڈر یاسرعرفات کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا ہائی پرفارمنس کوچ مقرر کردیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری تحریری بیان میں بتایا گیا کہ یاسرعرفات نیوزی لینڈ کے خلاف 12 سے 21 جنوری 2024 تک نیوزی لینڈ میں شیڈول پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے لیے ٹیم مینجمنٹ کا حصہ ہوں گے۔

41 سالہ یاسرعرفات نے پاکستان کی جانب سے تین ٹیسٹ، 11 ون ڈے اور 13 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے ہیں۔

انہوں نے لافبورو یونیورسٹی سے ای سی بی لیول فور کا کوچنگ کورس مکمل کیا اور وہ ایسا کرنے والے پہلے پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر بنے ہیں۔

 انہوں نے سسیکس اور سرے جیسی کاؤنٹی ٹیموں اور آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ فرنچائز پرتھ اسکارچرز کے ساتھ باؤلنگ کوچ کی حیثیت سے بھی کام کیا ہے۔ حال ہی میں انہوں نے ہانگ کانگ کی قومی ٹیم کے باؤلنگ کوچ کی حیثیت سے کام کیا۔

کوچنگ کے علاوہ، یاسر دنیا بھر میں لیگ کرکٹ میں مختلف ٹی ٹوئنٹی ٹیموں کا بھی حصہ ہیں۔ یاسر 29 دسمبر سے دو جنوری تک لاہور میں پانچ روزہ کیمپ کے کیمپ کمانڈنٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملک بھر میں تین ترقیاتی پروگراموں کا اعلان بھی کیا ہے جس میں سات شہروں میں ذیلی اکیڈمیوں کو فعال کرنا، قومی کھلاڑیوں کے لیے خصوصی تربیتی کیمپ اور انڈر 19 کھلاڑیوں مالی مدد کا منصوبہ شامل ہے۔

چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے ڈائریکٹر پاکستان کرکٹ ٹیم محمد حفیظ سے مشاورت کے بعد پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے اس اقدام کی توثیق کی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

 پی سی بی ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) کے ساتھ تعاون کرے گا۔ ڈی ایچ اے اسلام آباد، کوئٹہ، بہاولپور، لاہور میں گراؤنڈز کے لیے اور پشاور میں کرکٹ سب اکیڈمیز کے لیے زمین فراہم کرے گا۔

 کراچی میں حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر اور ملتان میں انضمام الحق ہائی پرفارمنس سینٹر کو بھی متعلقہ وسائل کی سے سب اکیڈمیز کے طور پر فعال کیا جائے گا۔

ترقیاتی پروگراموں کے ایک حصے کے طور پر قومی اور مستقبل کے کھلاڑیوں کے لیے خصوصی تربیتی کیمپوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ انڈر 19 کھلاڑیوں کو پیشہ ور افراد کے طور پر مہارت کی تربیت اور مکمل تربیت کے ساتھ ساتھ مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

پاکستان مینز کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر محمد حفیظ نے ترقیاتی پروگراموں کا اعلان کرتے ہوئے کہا: ’اپنے نوجوان کھلاڑیوں کو تیار کرنے، خصوصی کیمپوں کے ذریعے قومی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور سال بھر کے تربیتی کیمپوں کے لیے ذیلی اکیڈمیوں کو فعال کرنے کے مقصد سے تین ترقیاتی پروگراموں کا اعلان کرتے ہوئے ہمیں خوشی ہے۔

اس اقدام سے ہمارے کھلاڑیوں کو اعلیٰ سطح پر انتہائی مسابقتی کرکٹ کے لیے تیاری میں مدد ملے گی۔ یہ وقت کی ضرورت ہے کہ ہم اپنے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں پر کام کریں اور انہیں عالمی معیار کی سہولیات فراہم کریں۔ ہم مزید ترقیاتی پروگراموں کے لیے اندرون سندھ اور سابقہ فاٹا میں بھی جائیں گے تاکہ دور دراز کے علاقوں میں موجود ٹیلنٹ کو بھی بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کا موقع مل سکے۔‘


مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل