چیئرپرسن پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے فروری کے انتخابات میں کراچی کے علاقے لیاری پر مشتمل قومی اسمبلی کے اس حلقے سے کاغذات نامزدگی ہی جمع نہیں کروائے جہاں سے انہوں نے 2018 کے الیکشن میں اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
حتیٰ کہ چیئرپرسن پیپلز پارٹی کراچی کی کسی بھی قومی یا سندھ اسمبلی کی نشست سے انتخابات نہیں لڑ رہے ہیں۔
بلاول بھٹو کی ہمشیرہ آصفہ بھٹو زرداری نے بھی لیاری سمیت کسی بھی حلقے سے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے۔
لیاری پاکستان پیپلز پارٹی کا سیاسی قلعہ سمجھا جاتا ہے۔ بانی پیپلز پارٹی ذوالفقار علی بھٹو نے نئی سیاسی جماعت کا پہلا جلسہ لیاری میں کیا تھا جبکہ انہوں نے ایک مرتبہ لیاری سے الیکشن بھی لڑا تھا۔
محترمہ بینظیر بھٹو 1986 میں جب خود ساختہ جلاوطنی ختم کربعد وطن واپس پہنچیں تو سندھ میں انہوں نے پہلا جلسہ لیاری میں ہی کیا تھا۔
محترمہ بے نظیر بھٹو اور آصف علی زرداری کی شادی کی تقریب بھی لیاری کے ککری گراؤنڈ میں ہوئی تھی۔
بے نظیر بھٹو نے لیاری سے 1988 اور آصف علی زرداری نے 1993 میں الیکشنز لڑے۔
18 اکتوبر 2007 کو جب محترمہ بینظیر بھٹو کے استقبالیہ جلوس پر کارساز کے قریب حملے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے کارکناں کی اکثریت کا تعلق لیاری سے تھا۔
ان میں اکثریت لیاری کے وہ نوجوان تھے جو بی بی کی سکیورٹی کے لیے بنائی گئی ’جا نثاران بینظیر‘ گروپ میں شامل تھے۔
بلاول بھٹو نے 2018 کے انتخابات میں لیاری کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 246 سے حصہ لیا تھا تاہم انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ان انتخابات میں این اے 246 لیاری سے سب سے زیادہ ووٹ پاکستان تحریک انصاف کے عبدالشکور شاد نے حاصل کیے تھے جبکہ دوسرے نمبر پر تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے احمد رہے تھے۔
بلاول بھٹو تیسرے نمبر پر رہے تھے۔
لیاری میں قومی اسمبلی کے اس حلقے کے نمبر تبدیل ہوتے رہے ہیں۔ ماضی میں یہ قومی اسمبلی کا حلقہ این اے 248 تھا جو 2018 کے الیکشنز میں این اے 246 بن گیا۔
گذشتہ مردم شماری کی بنیاد پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے نئی حلقہ بندیوں کے بعد کراچی میں قومی اسمبلی کی ایک نشست کے اضافے کے بعد یہ نشستیں 21 سے بڑھ کر 22 ہوگئیں اور لیاری کے حلقے کا نمبر این اے 246 سے تبدیل ہوکر این اے 239 ہوگیا ہے۔
2024 کے عام انتخابات کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر یوسف بلوچ اور نبیل گبول نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
اس کے علاوہ قومی اسمبلی کے اس حلقے این اے 239 پر سابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان، جمعیت علمائے اسلام یا جے یو آئی (ف) کے مولانا نور الحق، سندھ میں پی پی پی مخالف سیاسی اتحاد گرانڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی شائستہ امیر چانڈیو نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
سینیئر سیاسی تجزیہ نگار اور کالم نگار سہیل سانگی کہتے ہیں: ’گذشتہ الیکشن میں بلاول بھٹو کی لیاری سے بری شکست کے بعد پی پی پی کو خوف تھا کہ اس بار بھی ہار جائیں گے، اس لیے بلاول بھٹو کے بجائے پارٹی کے دیگر رہنماؤں کو لیاری سے لڑایا جا رہا ہے۔‘
انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل سانگی نے کہا : ’لیاری ماضی میں پاکستان پیپلز پارٹی کا سیاسی قلعہ مانا جاتا تھا،مگر بعد میں حکومت میں آنے کے باجود پی پی پی جانب سے پانی، گیس سمیت بنیادی ترقیاتی منصوبے نہ دینے سے لوگ پی پی پی سے باغی ہو گئے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
’لیاری میں کچھ عرصے کے دوران دیگر سیاسی قوتیں بھی آگئیں ہیں۔ پی پی پی قیادت کی جانب سے لیاری کی عوام کے بجائے صرف طاقتور شخصیات سے رابطہ رہا۔ اس لیے لوگوں نے دیگر جماعتیں بھی جوائن کر لیں۔‘
سہیل سانگی کے مطابق گذشتہ کچھ عرصے لیاری میں مذہبی ووٹ بھی بڑھا، جس کا اندازہ 2018 کی الیکشن میں تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کو دوسرے نمبر پر ملنے والے ووٹ سے لگایا جا سکتا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کراچی ڈویژن کے صدر اور سابق صوبائی وزیر سعید غنی نے اس تاثر کو یکسر مسترد کیا کہ پی پی پی حکومت نے لیاری میں ترقیاتی کام نہیں کیے اور وہاں سے پی پی پی کا ووٹ بینک ختم ہونے کے باعث بلاول بھٹو نے لیاری سے الیکشن نہ لڑنے کا فیصلہ کیا۔
سعید غنی کے مطابق: ’لیاری پیپلز پارٹی کا سیاسی گڑھ ضرور ہے مگر یہ تاثر دینا کہ لیاری پی پی پی یا بھٹوز کا آبائی حلقہ ہے درست نہیں۔ ذوالفقار علی بھٹو لیاری سے ایک بار الیکشن لڑے۔ محترمہ بے نطیر بھٹو نے بھی ایک بار 1998 میں لیاری سے انتخابات میں حصہ لیا۔ آصف علی زرداری نے ایک بھی بار 1993 کے انتخابات میں لیاری سے لیکشن لڑا۔ اس طرح بلاول بھٹو نے 2018 میں لیاری سے الیکشن میں حصہ لیا۔
’ضروری نہیں ہے کہ ہر بار لیاری سے ہی الیکشن لڑا جائے۔ یہ پارٹی کا فیصلہ تھا۔ دوسری بات کہ بلاول خود بھی زیادہ نسشتوں پر انتخاب لڑنا چاہتے ہیں۔ کیوں کہ الیکشن جیتنے کی صورت میں صرف ایک سیٹ ہی رکھنا ہے تو اس سیٹ پر دوبارہ کسی اور کے الیکشن لڑنے سے ووٹ کی تعداد میں فرق آجاتا۔ گذشتہ الیکشن میں بلاول بھٹو نے تین حلقوں سے الیکشن لڑا اور اس بار بھی تین حلقوں سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔
’2018 میں عام انتخابات کیسے ہوئے تھے؟ یہ ہر کسی کو پتہ ہے۔ اس لیے یہ کہنا کہ لیاری سے گذشتہ الیکشن میں بلاول کو ہرانے سے پی پی پی کا صفایہ ہوگیا یہ کہنا درست نہیں۔‘
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’ہم نے گذشتہ بلدیاتی الیکشن کے دوران لیاری سے تاریخی فتح حاصل کی۔ پی پی پی کے امیدوار لیاری کے ان حلقوں سے بھی کامیاب ہوئے جہاں پی پی پی نے کبھی نہیں جیتا تھا۔ لیاری میں پی پی پی نے کام کیا تب ہی بلدیاتی الیکشن جیتا ہے۔ آنے والے الیکشن میں پی پی پی لیاری سے بھاری اکثریت سے جیتے گی۔‘