پاکستان سپر لیگ (پی ایس یل) کا نواں ایڈیشن 17 فروری 2024 کو شروع ہونے جا رہا ہے، تاہم ایک ماہ قبل ہی اس کے آفیشل ترانے پر تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔
پاکستان کے مشہور گلوکار علی ظفر کا کہنا ہے کہ ان سے پی ایس ایل کے ترانے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے آفیشل طور پر رابطہ کیا گیا اور دو ماہ کی محنت کے بعد ان سے معذرت کر لی گئی۔
انڈیپینڈٹ اردو نے مشہور گلوکار کے مینیجر سے رابطہ کرتے ہوئے اس کی وجہ جاننے کی کوشش کی، جس پر ان کے مینیجر نے اس معاملے پر علی ظفر کا بیان شیئر کیا۔
پاکستانی گلوکار علی ظفر نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’اس سال کا پی ایس ایل ترانہ بنانے کے لیے پی سی بی نے ان سے باضابطہ طور پر خود رابطہ کیا تھا۔‘
انہوں نے کہا کہ وہ دو ماہ تک اپنے ذاتی خرچ پر موسیقاروں اور میوزک پروڈیوسرز کی خدمات حاصل کرنے کے بعد پی سی بی کے لیے ترانے کے تین مختلف ورژن لے کر آئے۔
گلوکار نے کہا کہ ان میں سے ایک کو حتمی شکل دینے کے بعد ریلیز کی تیاری کی جا رہی تھی جب انہیں یہ بتایا گیا کہ پی سی بی کچھ وجوہات کی وجہ سے ان کے ترانے کے ساتھ آگے نہیں بڑھ سکتا۔
علی طفر نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ اس وقت اس کی وجوہات کی تفصیلات پر بات نہیں کر سکتے ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
علی ظفر کے مینیجر کا کہنا تھا کہ مبینہ طور پر پی سی بی کو کسی ایک پی ایس ایل فرنچائزز کی جانب سے تحفظات کا سامنا تھا، جس وجہ سے علی ظفر کو پی ایس ایل کے ترانے کے پروجیکٹ سے باہر کر دیا گیا۔
انڈپینڈنٹ اردو کی جانب سے اس مخصوص فرنچائزز کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کے مینیجر کا کہنا تھا کہ وہ اس کا نام نہیں بتا سکتے، لیکن اس ’فرنچائزز کا نام سوشل میڈیا پر گردش کر رہا ہے۔‘
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس مبینہ پی ایس ایل فرنچائزز کا موقف تھا کہ علی ظفرماضی میں اپنی ساتھی گلوکارہ میشا شفیع کے ساتھ قانونی چارہ جوئی کی وجہ سے متنازع خبروں میں رہ چکے ہیں، تو ان کا گانا عوام اور پی ایس ایل کے امیج کو خراب کر سکتا ہے۔
خبر کے مطابق فرنچائزز کی اکثریت پی ایس ایل 9 کے ترانے کے لیے ابتدائی طور پر علی ظفر کی خدمات حاصل کرنے کے فیصلے میں شامل تھی لیکن آخر میں ایک فرنچائز کے دباؤ کے سامنے پی سی بی کو یہ فیصلہ بدلنا پڑا۔
پاکستانی گلوکار علی ظفر اس سے پہلے پی ایس ایل کے پہلے تین ایڈیشنز کا ترانہ گا چکے ہیں اور یہ ان کا پی ایس ایل کے لیے چوتھا ترانہ ہوتا۔
میشا شفیع نے علی ظفر کے خلاف ہراسانی کا الزام عائد کیا تھا جبکہ میشا کے خلاف علی ظفر کا ہتک عزت کا مقدمہ ابھی تک عدالت میں زیر سماعت ہے۔
مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔