نیوزی لینڈ سے شکست، پاکستان پیرس اولمپکس سے باہر ہوگیا

یہ مسلسل تیسرا موقع ہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم اولمپکس مقابلوں کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی ہے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ 21 جنوری 2024 کو مسقط میں کھیلا گیا (تصویر: انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن)

مسقط میں جاری پیرس اولمپکس کوالیفائرز میں اتوار کو نیوزی لینڈ سے ہارنے کے بعد پاکستان کی ہاکی ٹیم اولمپکس کی دوڑ سے باہر ہو گئی ہے۔

یہ مسلسل تیسرا موقع ہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم اولمپکس مقابلوں کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی ہے۔ اولمپکس میں تین بار گولڈ میڈل جیتنے والا پاکستان اس سے قبل ریو 2016 اور ٹوکیو اولمپکس 2020 کے لیے بھی کوالیفائی نہیں کر پایا تھا۔

مسقط میں کھیلے گئے اس اہم میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی ہے۔

اس سے قبل ہفتہ 20 جنوری کو کھیلے جانے والے سیمی فائنل میں جرمنی نے پاکستان کو چار، صفر سے شکست دی تھی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

تاہم پاکستان کے پاس اتوار کو ایک اور موقع تھا کہ وہ نیوزی لینڈ کو شکست دے کر اپنی امیدیں زندہ رکھ سکے، مگر ایسا نہ ہو سکا۔

پاکستان کی جانب سے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں ابو محمود نے 18ویں اور 24ویں منٹ میں گول کیے جبکہ نیوزی لینڈ کی جانب سے بوئڈ سکاٹ 24ویں اور 58ویں منٹ میں دو گول کیے۔ ان کے علاوہ انگلس ہوگو نے بھی 52ویں منٹ میں ایک گول کیا۔

مسقط میں جاری کوالیفائر راؤنڈ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی پاکستانی ٹیم کا آخری گروپ میچ ملیشیا کے ساتھ تھا جو 3،3 سے برابری پر ختم ہوا تھا۔

پاکستان کو ہرانے کے بعد نیوزی لینڈ اب برطانیہ اور جرمنی کے ساتھ پیرس 2024 کے لیے کوالیفائی کرنے والی ٹیموں میں شامل ہو گئی ہے۔

پیرس اولمپکس کے مقابلے رواں سال جولائی اور اگست میں منعقد ہونے جا رہے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل