دہلی کی تاریخی جامع مسجد کے چودہویں شاہی امام کی دستار بندی

گریجویشن اور مدرسے سے عالم و فاضل نئے امام 30 سالہ شعبان بخاری موجودہ امام احمد بخاری کے بیٹے ہیں۔

دہلی کی مشہور اور تاریخی جامع مسجد کے چودہویں امام کے طور پر سید شعبان احمد بخاری کی دستاربندی کی رسم 25 فروری کو ادا کی گئی۔

دستاربندی کی تقریب میں ائمہ اور علما سمیت مقامی افراد شامل تھے۔ 30 سالہ شعبان بخاری موجودہ اور تیرہویں امام احمد بخاری کے بیٹے ہیں۔ وہ 2014 سے نائب امام کی ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے۔

بخاری خاندان کے رکن طارق بخاری نے بتایا کہ شعبان بخاری نے امیٹی یونیورسٹی سے گریجویشن اور مدرسے سے عالم و فاضل کی ڈگری حاصل کی ہے۔

ان کا کہنا تھا: ’ان (شعبان بخاری) کے اندر مذہبی خصوصیات ہیں اور شاہی امامت کے سلسلے کو آگے بڑھانے کی صلاحیت ہے۔ ان کی اہلیت کو دیکھتے ہوئے بخاری خاندان نے ان کے نام پر مہر ثبت کی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

طارق نے مزید بتایا کہ گذشتہ تقریباً 400 سالوں سے شاہی امامت کا سلسلہ ان کے خاندان میں چلا آ رہا ہے۔

’مغل شہنشاہ شاہجہاں نے اس مسجد کی تعمیر کے بعد بخارا (اب ازبکستان) کے امیر کو خط لکھ کر نئی مسجد کے امام کے لیے نام بھیجنے کی درخواست کی کیونکہ اس وقت بخارا علما اور صلحا کا مرکز تھا۔

’بڑی بڑی علمی شخصیات بخارا میں قیام پذیر تھیں۔ بادشاہ کی درخواست پر امیر بخارا نے اپنے داماد سید عبدالغفور شاہ بخاری کو دہلی بھیجا اور اس طرح 1656 میں انہیں جامع مسجد کی امامت کی ذمہ داری سپرد کی گئی اور انہیں امام السلطان کا لقب بھی ملا۔‘

طارق نے بتایا کہ تیرہویں امام احمد بخاری صحت و سلامتی کے ساتھ ہیں اور انہیں کے ہاتھوں نئے شاہی امام کی دستاربندی کی گئی۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا