پشاور زلمی نے پاکستان سپر لیگ نو میں اپنے ابتدائی دو میچ ہارنے کے بعد ٹورنامنٹ میں لگاتار تیسری فتح حاصل کر لی ہے۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں پیر کو کھیلے گئے اس سنسنی خیز مقابلے میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو بابر اعظم کی بیٹنگ اور عارف یعقوب کی عمدہ بولنگ کی بدولت آٹھ رنز سے شکست دے دی ہے۔
پشاور زلمی کے 202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے سست آغاز کے باوجود کولن منرو اور اعظم خان کی جارحانہ بلے بازی سے میچ پر گرفت حاصل کر لی تھی اور 19ویں اوور تک لگ رہا تھا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ یہ میچ باآسانی جیت جائے گا۔
لیکن بابراعظم کے پلان کچھ اوور ہی تھا۔ بابر اعظم نے 19واں اوور توقعات کے برعکس لیگ سپنر عارف یعقوب کو دیا جنہوں نے ایک ہی اوور میں میچ کا مکمل نقشہ ہی بدل کر رکھ دیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کو آخری دو اووروں میں جیتنے کے لیے 21 رنز درکار تھے جبکہ کریز پر کولن منرو اور حیدر علی موجود تھے۔ اوور کی پہلی ہی گیند پر عارف یعقوب نے سیٹ بیٹسمین کولن منرو کو 71 کے انفرادی سکور پر آؤٹ کر دیا۔ اس کے بعد فہیم اشرف کریز پر آئے تو حیدر علی بنا کوئی رن بنائے کیچ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد عارف یعقوب نے فہیم اشرف اور حنین شاہ کو بھی اسی اوور میں پویلین کی راہ دکھا کر اپنی ٹیم کو اسی مقام پر پہنچا دیا جہاں اس اوور سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ تھا۔
عارف یعقوب نے چار اووروں میں 27 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ان کے علاوہ نوین الحق نے بھی اہم کردار ادا کرتے ہوئے 18ویں اوور کی آخری گیند پر خطرناک بلے باز اعظم خان کو 75 کے انفرادی سکور پر آؤٹ کیا۔ اعظم خان کی اننگز میں چھ چھکے اور چھ چوکے شامل تھے۔
اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو پشاور زلمی نے ایک بار پھر اپنے اوپنرز کے عمدہ آغاز کی بدولت ایک بڑا سکور بورڈ پر لگایا مگر اس بار سب سے خاص بات کپتان بابر اعظم کی سینچری رہی جس کا ان کے فینز کو بے صبری سے انتظار تھا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پشاور زلمی کو بابر اعظم اور صائم ایوب نے اچھا آغاز فراہم کیا اور دونوں نے شروع سے ہی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں صرف سات عشاریہ تین اووروں میں ہی 77 رنز بنا ڈالے۔
مگر اس موقع پر پہلے صائم ایوب اور اگلے ہی اوور میں محمد حارث اور پھر حسیب اللہ کے آؤٹ ہونے سے پشاور زلمی قدرے دباؤ میں آ گئے تھے۔ تاہم بعد میں بابر اعظم اور پالٹر نے اننگز کو سنبھالا اور چوتھی وکٹ کی شراکت میں اہم 34 رنز بنائے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے اس موقع پر ایک بار پھر میچ میں واپسی کی اور دو وکٹیں حاصل کر لیں لیکن بابر اعظم کریز پر جمے رہے۔
MG GIFT FOR BABAR AZAM. @babarazam258
— Javed Afridi (@JAfridi10) February 26, 2024
HE WILL BE THE FIRST ONE TO DRIVE MG ESSENCE.
MADE IN PAKISTAN #HBLPSL @MGPakistan pic.twitter.com/IFo3hK8HSb
بابر اعظم نے آصف علی کے ساتھ چھٹی وکٹ کی شراکت میں بھی 77 رنز بنائے لیکن اس پارٹنرشپ کی خاص بات بابر اعظم کی اننگز تھی۔ ان 77 رنز میں صرف بابر اعظم نے 22 گیندوں پر 59 رنز بنائے۔
اس پارٹنرشپ کے دوران بابراعظم یکسر الگ انداز میں دکھائی دیے جس کا اندازہ نسیم شاہ کے بھائی حنین شاہ کے اوور سے لگایا جا سکتا ہے جس میں بابر اعظم نے چار چوکے اور ایک چھکا لگایا۔
بابراعظم نے اس میچ میں 63 گیندوں پر ناقابل شکست 111 رنز کی اننگز کھیلی جس میں دو چھکے اور 14 چوکے شامل ہیں۔
ان کی اس اننگز پر بابر اعظم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے ان کی سینچری پر ان کے لیے پاکستان میں بننے والی پہلی ایم جی ایسنس گاڑی تحفے میں دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔