ہمارے دور میں معاشی اشاریے بہتر ہوئے: نگران وزیراعظم کاکڑ

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور دیگر دوست ممالک نے مشکل حالات میں پاکستان کی معیشت کو سہارا دینے میں اہم کردار ادا کیا۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ 12 اکتوبر 2023 کو اسلام آباد میں اخبارات کے ایڈیٹرز سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے (انوار الحق کاکڑ ایکس اکاؤنٹ)

پاکستان کے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی مدت اب ختم ہونے کے قریب ہے اور انہوں نے اپنے لگ بھگ ساڑھے چھ ماہ کے دور کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس عرصے میں ملک کے  معاشی اشاریے بہتر ہوئے ہیں۔

آٹھ فروری کے عام انتخابات کے بعد اب قومی اسمبلی تین مارچ کو نئے وزیراعظم کا انتخاب کرے گی جس کے بعد نگران نظامِ حکومت ختم ہو جائے گا۔

انوار الحق کاکڑ نے اردو نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اپنے دورِ حکومت کی اہم کامیابیوں سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا: ’میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان کے معاشی اشاریوں میں، ہماری حلف برداری سے پہلے اور اب جب میں اس ذمہ داری سے سبکدوش ہو رہا ہوں، واضح فرق ہے اور وہ بہت بہتر ہیں۔‘

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ان کے دورِ حکومت میں روپے کی قدر بھی مستحکم ہوئی ہے۔ ان کے بقول: ’ڈالر کا نرخ 50 روپے کے قریب کم ہو چکا ہے۔ ہمارے گردشی قرض پر بھی اس کا اثر پڑا ہے۔ مجموعی طور پر ہماری معاشی صورت حال بہتر ہوئی ہے۔‘

نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارت، قطر اور دیگر دوست ممالک نے مشکل حالات میں پاکستان کی معیشت کو ڈھارس دینے میں اہم کردار ادا کیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سعودی عرب پاکستان کا قریبی حلیف ملک ہے اور گذشتہ سال جولائی کے وسط میں پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان تین ارب ڈالر کے سٹینڈ بائی ارینجمنٹ معاہدہ طے پانے کے بعد سعودی عرب نے دو ارب ڈالر پاکستان کے مرکزی بینک میں جمع کروائے تھے۔

پاکستان نے حال ہی میں سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل یعنی خصوصی سرمایہ کاری سہولیاتی کونسل (ایس آئی ایف سی) قائم کی تھی، جس کا مقصد خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے رکن ممالک بالخصوص مملکت سعودی عرب سے سرمایہ کاری کو عمل کو آسان اور تیز بنانا ہے۔

نگران وزیراعظم کاکڑ نے کہا کہ ’ایس آئی ایف سی کے پلیٹ فارم سے خاص طور پر خلیجی (جی سی سی) ممالک سے ایم او یوز (یادداشتوں) پر دستخط کیے گئے اور میں امید رکھتا ہوں کہ یہ اسی طرح مثبت انداز میں آگے بھی بڑھیں گے۔‘

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ بطور نگران وزیراعظم کی ذمہ داریاں ختم ہونے کے بعد وہ زندگی گزاریں گے اور اپنی سماجی سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی معیشت