کرکٹ لیجنڈ سر جیفری بائیکاٹ کی سابقہ پارٹنر نے انہیں نائٹ ہڈ سے نوازے جانے کے فیصلے کو قابل نفرت کہا ہے۔ انہوں نے یہ دعوی اس لیے کیا کیوں کہ 21 برس قبل ان کے بقول جیفری بائیکاٹ نے ان پر تشدد کیا تھا۔
67 سالہ مارگریٹ مور کا کہنا تھا ’انہوں نے میرے ساتھ بے رحمانہ سلوک کیا ہے۔ کون ایک خاتون کو مارتا ہے؟‘
ریٹائرڈ کمپیوٹر کنسلٹنٹ مارگریٹ مور نے اخبار دی سن کو بتایا ’انہوں نے مجھے بیس بار مارا جب میں گری ہوئی تھی۔ میں وہ رات کبھی نہیں بھول سکتی۔ وہ اذیت ناک تھی۔ کس قسم کا آدمی ایسے کر سکتا ہے اور پھر اسے نائٹ قرار دے دیا جائے؟‘
سر جیفری بائیکاٹ یارک شائر اور انگلینڈ کے کپتان رہے ہیں اور ریٹائرمنٹ کے بعد سے ریڈیو کے لیے کمنٹری کرتے ہیں۔ انہوں نے ان تمام الزامات کی تردید کی ہے۔ انہیں برطانیہ کی سابق وزیر اعظم ٹریسا مے کی منظور شدہ لسٹ کے مطابق حال ہی میں نائٹ ہڈ کے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔
گھریلو تشدد کے خلا ف مہم چلانے والوں نے بھی اس فیصلے پر کڑی تنقید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایسا کرنے سے خواتین پرتشدد کو قابل قبول بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
78 سالہ جیفری بائیکاٹ کو 1998 میں فرینچ ریوریا ہوٹل میں مارگریٹ مور کو تشدد کا نشانہ بنانے پر 5 ہزار پاؤنڈ جرمانہ اور تین ماہ معطلی کی سزا سنائی گئی تھی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس واقعہ میں مارگریٹ کی آنکھ پر سیاہ داغ اور ماتھے پر خراشیں آئی تھیں لیکن سر جیفری بائیکاٹ نے ہمیشہ ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے معافی مانگنے سے انکار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ معصوم ہیں۔ ان کے مطابق مارگریٹ پھسل کر گری تھیں لیکن وہ انہیں بلیک میل کرنے کی کوشش کرتی رہی ہیں۔
منگل کو انہیں نائٹ ہڈ دیے جانے کی خبر سامنے آنے کے بعد جیفری بائیکاٹ نے میڈیا کو بتایا ’مجھے اپنے ناقدین کی پروا نہیں۔‘
ویمن ایڈ کی کو ایکٹنگ چیف ایگزیکٹو ادینہ چارلی نے بھی اس معاملے پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’ٹریزا مے نے انہیں اعزاز دے کر ایک خطرناک پیغام دیا ہے۔‘ ان کا خیال تھا کہ یہ اعزاز واپس لیا جانا چاہیئے۔
ٹریزا مے ماضی میں یہ بھی کہہ چکی ہیں کہ سو سے زیادہ ٹیسٹ میچ کھیل کر 8 ہزار سے زائد رنز بنانے والے جیفری بائیکاٹ ان کے پسندیدہ کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں اور وہ بریگزٹ کے معاملے پر ویسا ہی جذبہ دکھانا چاہتی ہیں جیسا جیفری بائیکاٹ کرکٹ کھیلتے ہوئے دکھاتے تھے۔
انہوں نے نومبر 2018 میں کہا تھا:’ جیفری بائیکاٹ ڈٹے رہے اور آخر کار انہوں نے رنز بنا ہی لیے۔‘
© The Independent