ایک ذرائع نے بتایا کہ جولائی اور اگست میں پیرس اولمپکس کے دوران لوور میوزیم کے سامنے ٹیولیریز گارڈن میں اولمپک مشعل جلائی جائے گی۔
اے ایف پی کو بات چیت میں شامل ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ مشعل کو شہر کے وسط میں سیاحتی ہاٹ سپاٹ میں رکھنے کا فیصلہ ’کئی ہفتے پہلے‘ کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عوام کی رسائی میں آسانی کی وجہ سے ٹیولریز پہلی پسند کے طور پر ابھر کر سامنے آئی۔
ذرائع نے بتایا کہ اس طرح کی قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ مشعل ایفل ٹاور پر لگائی جا سکتی ہے جبکہ منتظمین نے اسے دنیا کے سب سے بڑے میوزیم لوور کے صحن میں لگانے پر بھی غور کیا۔
ٹیولیریز ’ایک ایسا علاقہ ہے جسے آسانی سے محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔‘
ذرائع نے مزید کہا کہ مشعل کی حفاظت کے لیے 24 گھنٹے سکیورٹی فورسز موجود رہیں گی اور باغ کے ارد گرد بلند فٹ پاتھوں کی بدولت عام لوگ اسے دیکھ سکیں گے۔
اولمپکس کی افتتاحی تقریب کے دوران مشعل کو روشن کرنا ایک اہم لمحہ ہے، جو کھیلوں کے عالمی میلے کے باضابطہ آغاز کا اشارہ کرتی ہے۔
یہ واضح نہیں کہ آیا 26 جولائی کو ہونے والی افتتاحی تقریب کے بعد اسے ٹیولیریز کے اندر جلایا جائے گا یا اسے وہاں منتقل کیا جائے گا، جو قریبی دریائے سین کے کنارے کشتیوں پر ہونے والی ہے۔
اس شخص کی شناخت ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی جو مشعل روشن کرے گا جبکہ افتتاحی تقریب کے بارے میں تفصیلات، جو پہلی بار ایتھلیٹکس سٹیڈیم کے باہر ہوں گی - ایک خفیہ راز ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
منتظمین نے 100 سالوں میں پیرس میں ہونے والے پہلے اولمپکس کو ’آئیکونک‘ بنانے کا عہد کیا ہے۔
علامتی جگہ
پیرس کی تنظیمی کمیٹی نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو ایک بیان میں کہا کہ ’ہم ان خبروں کی تصدیق یا تردید نہیں کریں گے جو گردش کر رہی ہیں۔ اس کے مقام کے بارے میں پہلے ہی بہت سی افواہیں ہیں۔‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ منتظمین چاہتے ہیں کہ اس کو پیرس کے وسط میں علامت کے طور پر رکھا جائے تاکہ یہ سب کو نظر آئے۔
پیرس گیمز دارالحکومت کے آس پاس کے مقامات پر منعقد ہوں گے، جن میں ایفل ٹاور کے عارضی سٹیڈیم اور پلیس ڈی لا کونکورڈ شامل ہیں، جو ٹیولیریز گارڈن سے متصل ہے۔
یہ پارک 1664 میں نام نہاد ’سن کنگ‘ لوئس چودھویں کے کہنے پر ڈیزائن کیا گیا تھا اور اس کا فرانسیسی شاہی خاندان کے ساتھ ساتھ 1789 کے بادشاہت مخالف انقلاب سے قریبی تعلق ہے۔
پیرس 2024 کے لیے مشعل ریلے کا آغاز 16 اپریل کو اس وقت ہوگا جب یونان کے شہر اولمپیا سے ایک مشعل نکالی جائے گی، جس کے بعد اسے سمندر کے راستے مارسے لے جایا جائے گا۔
اس کے بعد یہ مشعل فرانس کے 400 قصبوں اور درجنوں سیاحتی مقامات سے گزرتے ہوئے کیریبین، بحر ہند اور بحرالکاہل میں مین لینڈ اور سمندر پار فرانسیسی علاقوں میں 12,000 کلومیٹر (7،500 میل) کا سفر کرے گی۔
ٹوکیو میں 2021 میں ہونے والے اولمپکس کی افتتاحی تقریب کے دوران ٹینس سٹار ناؤمی اوساکا نے ہائیڈروجن سے چلنے والے مشعل کو خالی مرکزی ایتھلیٹکس سٹیڈیم کے اندر روشن کیا تھا۔دوسرا ٹوکیو کے قریب رکھا گیا تھا۔
مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔