ویپنگ آپ کے دل کو کیا کر سکتی ہے؟ ڈاکٹرز نے بتا دیا

ایک تازہ تحقیق کے نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ جن لوگوں نے کبھی ای سگریٹ کا استعمال نہیں کیا ان کے مقابلے میں وہ لوگ جو کسی بھی موقعے پر ویپنگ کرتے ہیں ان میں دل کا دورہ پڑنے کا خطرہ 19 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔

30 مئی 2023 کو لی گئی اس تصویر میں پیرس میں ایک شخص کو ای سگریٹ پیتے دکھایا گیا ہے (اے ایف پی)

ایک تازہ تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ویپنگ (ای سگریٹ) دل کے دورے کے خطرے میں ’نمایاں‘ اضافے کا سبب بن سکتی ہے۔

تحقیق کے نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ جن لوگوں نے کبھی ای سگریٹ کا استعمال نہیں کیا ان کے مقابلے میں وہ لوگ جو کسی بھی موقعے پر ویپنگ کرتے ہیں ان میں دل کا دورہ پڑنے کا خطرہ 19 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔

امریکہ کے شہر بالٹی مور میں میڈ سٹار ہیلتھ سے وابستہ ڈاکٹر یعقوبو بینی الحسن کا کہنا ہے کہ ’زیادہ سے زیادہ مطالعات ای سگریٹ کو نقصان دہ اثرات سے جوڑ رہے ہیں اور معلوم ہو رہا ہے کہ یہ اتنا محفوظ نہیں ہو سکتا جتنا پہلے سوچا جاتا تھا۔

’ہم نے جو فرق دیکھا وہ نمایاں تھا۔ اس کے آپ کے صحت پر اثرات قابل غور ہیں، خاص طور پر دل کی صحت کے حوالے سے۔‘

برطانیہ میں این ایچ ایس (نیشنل ہیلتھ سروس) کے مطابق دل کے دورے کا مطلب ہے کہ دل جسم میں خون کو مناسب طریقے سے پمپ کرنے سے قاصر ہو چکا ہے۔ یہ عام طور پر اس وقت ہوتا ہے کہ دل بہت کمزور یا سخت ہو جائے۔

برٹش ہارٹ فاؤنڈیشن کے  اندازے کے مطابق برطانیہ میں 10 لاکھ سے زیادہ افراد دل کی بیماری میں مبتلا ہیں۔

اس تحقیق میں امریکہ میں ایک لاکھ 75 ہزار سے زیادہ افراد کو شامل کیا گیا جن میں ویپرز اور نان ویپرز شامل تھے اور ان میں سے تین ہزار 242 افراد کو 45 ماہ کے اندر دل کا دورہ پڑا۔

تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ جو لوگ ای سگریٹ کا استعمال کرتے ہیں ان میں دل کے دورے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ دل خون پمپ کرنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے یعنی دل کے پٹھے سخت ہو جاتے ہیں اور دل سکڑنے اور پھیلنے کے وقفے کے دوران دل کے چیمبرز میں خون مناسب طور پر نہیں بھرتا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

تاہم اس کا دل کی خون پمپ کرنے کی صلاحیت میں کمی کے ساتھ کوئی تعلق نہیں جس میں دل کے پٹھے کمزور پڑ جاتے ہیں اور دل کا بایاں چیمبر خون کو اتنی زور سے پمپ نہیں کر پاتا جتنا کرنا چاہیے۔

محققین کا کہنا ہے کہ نئی تحقیق کے نتائج دل کی صحت پر ویپنگ کے ممکنہ اثرات پر مزید تحقیق کی ضرورت کی نشاندہی کرتے ہیں۔

تحقیق کے نتائج امریکن کالج آف کارڈیالوجی کے سالانہ اجلاس میں پیش کیے جا رہے ہیں۔

گذشتہ ماہ برطانوی حکومت نے تمباکو اور ویپس بل کے ذریعے نوجوانوں میں تمباکو نوشی کی روک تھام کے لیے قانون سازی کی جس کا مقصد بچوں میں جان بوجھ کر فروخت کیے جانے والے ویپ ذائقوں اور پیکیجنگ کو محدود کرنے کے لیے نئے اختیارات متعارف کروا کر نوجوانوں کے ویپنگ کے مسئلے سے نمٹنا ہے۔

مزید برآں حکومت نے ماحولیاتی قوانین کے تحت اپریل 2025 سے ڈسپوزایبل ویپس پر پابندی لگانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی صحت