پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک ماہ کے دوران دوسرا اضافہ

حکومت پاکستان پیٹرول اور ڈیزل دونوں پر پہلے ہی 60 روپے فی لیٹر ڈیولپمنٹ لیوی وصول کر رہی ہے جو کہ ملکی قانون کے تحت لیوی وصول کرنے کی آحری حد ہے۔

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں موٹر سائیکل سوار شہری پیٹرول ڈلوا رہے ہیں (تصویر: انڈپینڈنٹ اردو)

حکومت پاکستان نے ایک ماہ کے دوران دوسری بار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے جس سے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے 53 پیسے کا اضافہ ہو گیا ہے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے پیر کی شب جاری کیے جانے والے نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی سپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں آٹھ روپے 14 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

گذشتہ شب 12 بجے کے بعد سے نئی قیمتوں کا اطلاق ہو چکا ہے اور اب ملک بھر میں پیٹرول 293 روپے 94 پیسے فی لیٹر جب کہ ڈیزل 290 روپے 38 پیسے فی لیٹر میں فروخت ہو رہا ہے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا ) نے عالمی مارکیٹ میں ہونے والے قیمتوں کے رد و بدل کی بنیاد پر مقامی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی کی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس سے حکم اپریل 2024 کو بھی حکومت پاکستان نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں نو روپے 66 پیسے کا اضافہ کیا تھا جبکہ ڈیزل کی قیمت میں تین روپے 32 پیسے فی لیٹر کی کمی کی تھی۔

عالمی ذرائع ابلاغ کی خبروں کے مطابق بین الاقوامی منڈی میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں چار سے ساڑھے چار ڈالر فی بیرل کا اضافہ ہوا ہے۔

حکومت پاکستان پیٹرول اور ڈیزل دونوں پر پہلے ہی 60 روپے فی لیٹر ڈیولپمنٹ لیوی وصول کر رہی ہے جو کہ ملکی قانون کے تحت لیوی وصول کرنے کی آحری حد ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی چھ روپے 69 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 193 روپے آٹھ پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں بھی چھ روپے 54 پیسے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 174 روپے 34 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی معیشت