وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہفتے کو دارالحکومت اسلام آباد میں غیر ملکی شہریوں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے سپیشل پروٹیکشن فورس بنانے کا اعلان کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق وزیر داخلہ کی زیر صدارت اسلام آباد میں امن عامہ کی صورت حال سے متعلق اجلاس میں یہ خصوصی فورس بنانے کا فیصلہ ہوا۔
اجلاس میں آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر سمیت تمام ڈی آئی جیز اور سی ٹی او نے شرکت کی۔
اس موقعے پر ناصر رضوی نے شہر میں امن و امان کی صورت حال کے بارے تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ریڈ زون سمیت تمام اہم دفاتر و مقامات کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے۔
غیر ملکیوں کے تحفظ کے لیے خصوصی سکیورٹی فورس بنانے کا قدم حالیہ مہینوں میں ملک کے اندر غیر ملکیوں بالخصوص چینی شہریوں پر حملوں کے بعد اٹھایا جا رہا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
وزارت داخلہ نے ایک بیان میں بتایا کہ محسن نقوی نے آج لاہور میں چینی قونصل جنرل ژاؤ شیرین سے ملاقات میں ملک کے اندر چینی شہریوں کی سکیورٹی کے حوالے سے بات چیت کی۔
بیان میں کہا گیا کہ محسن نقوی نے قونصل جنرل کو چینی شہریوں کی سیکورٹی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ’پاکستانی میں موجود چینی شہریوں کی حفاظت ہماری قومی ذمہ داری ہے اور تمام متعلقہ اداروں کو ایس او پیز کے مطابق چینی شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے ہدایات جاری کر دی ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے کیوں کہ چین اور پاکستان سدا بہار کے دوست ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد کے رشتے ہر آنے والے روز مضبوط سے مضبوط تر ہو رہے ہیں۔‘