بابر اور رضوان پاکستان کو آئرلینڈ کے خلاف سیریز جتوانے میں کامیاب

تیسرے اور آخری میچ میں کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کی عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور اس بات کو یقینی بنایا کہ وہ آئرلینڈ سے سیریز جیت کر ہی انگلینڈ کے لیے روانہ ہوں۔

پاکستان کے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان 14 مئی کو ڈبلن میں آئرلینڈ کی وکٹ حاصل کرنے کے بعد خوشی منا رہے ہیں (تصویر: کرکٹ آئرلینڈ ٹی وی)

پاکستان نے آئرلینڈ کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز دو صفر سے جیت لی ہے۔

آئرلینڈ کے خلاف سیریز کا پہلا میچ بری طرح ہارنے کے بعد پاکستان نے اگلے دونوں میچوں میں قدرے آسانی کے ساتھ فتح حاصل کی۔

ڈبلن میں کھیلے جانے والے تیسرے اور آخری میچ میں کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کی عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور اس بات کو یقینی بنایا کہ وہ آئرلینڈ سے سیریز جیت کر ہی انگلینڈ کے لیے روانہ ہوں۔

پاکستان نے اس میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تو آئرلینڈ نے اسے جیتنے کے لیے 179 رنز کا ہدف دیا جو پاکستان نے 17ویں اوور کی آخری گیند پر چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے نوجوان جارحانہ بلے باز صائم ایوب صرف 14 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس وقت پاکستان کا مجموعی سکور 16 تھا۔

اس کے بعد محمد رضوان اور بابر اعظم نے دوسری وکٹ کی شراکت میں شاندار پارٹنرشپ کی اور سکور کو 155 تک پہنچا دیا۔ اس موقع پر یہ واضح ہو گیا تھا کہ پاکستان یہ میچ اور سیریز آسانی سے اپنے نام کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔

مگر یہ اتنا بھی آسان ثابت نہ ہوا کیوں کہ آخر یہ ہے تو پاکستان کی ہی کی ٹیم۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

محمد رضوان اور بابر اعظم اس موقع پر نصف سنچریاں سکور چکے تھے اور کریز پر قدم جمائے کھڑے تھے کہ اچانک 56 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔ اس وقت پاکستان کو جیتنے کے لیے مزید 24 رنز درکار تھے جبکہ ابھی پانچ اوور بھی باقی تھے۔

اس کے فوراً بعد ہی 158 کے مجموعی سکور پر بابر اعظم بھی 75 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ جس پر پاکستان کے لیے یک دم چیزیں تھوڑی تھوڑی مشکل لگنے لگیں۔ کیونکہ نئے آنے والے بلے باز افتخار احمد تھے جو صرف پانچ ہی رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اس طرح پاکستان ٹیم نے صرف 24 رنز حاصل کرتے کرتے تین وکٹیں گنوائیں۔ مگر کریز پر موجود اعظم خان نے مزید مشکلات میں جانے سے پہلے ہی صرف چھ گیندوں پر 18 رنز بنا کر میچ ختم کر دیا۔

اس طرح پاکستان نے پہلا میچ ہارنے کے بعد سیریز میں واپسی کی اور جیت پر اختتام کیا۔

اس سے قبل آئرلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کپتان لورکین ٹکر کی 73 رنز کی اننگز کی بدولت سات وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔

اس سیریز میں آئرلینڈ کی بلے بازی کافی بہتر رہی ہے کیونکہ وہ تینوں میچوں میں ہی پاکستانی بولنگ کے خلاف 160 رنز سے زیادہ سکور کرنے میں کامیاب رہا ہے۔

پاکستان ٹیم اس سیریز کے بعد اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل انگلینڈ کا دورہ کرے گا جہاں اس نے 22 مئی سے 30 مئی تک چار ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ