پاکستان کا زیر انتظام کشمیر: سابق وزیراعظم تنویر الیاس گرفتار

اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس کواسلام آباد پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق تنویر الیاس کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعات 506، 452، 448، 148، 149کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے (سردار تنویر الیاس فیس بک پیج)

اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس کواسلام آباد پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔

اسلام آباد پولیس کی ٹویٹ کے مطابق سابق وزیر اعظم کو گرفتار کر کے قریبی تھانہ مارگلہ منتقل کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق کرنل(ر) ٹیپو سلطان کی مدعیت میں سردار تنویر الیاس کیخلاف تھانہ مارگلہ میں مقدمہ درج کیا تھا جس میں الزام ہے کہ ایک کمپنی کے دفتر پر حملہ کر کے توڑ پھوڑ کی گئی۔

ایف آئی آر کے مطابق تنویر الیاس کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعات 506، 452، 448، 148، 149کے تحت مقدمہ درج ہے۔

دوسری جانب سابق وزیراعظم کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’گرفتاری کے دوران چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا، پولیس اہلکار دیوار پھلانگ کر گھر میں داخل ہوئے۔‘

اسلام آباد پولیس نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ تنویر الیاس کے خلاف تھانہ مارگلہ میں مقدمہ نمبر267/24  درج ہے اور متعقلہ تھانے کی پولیس نے انہیں ضابطے کی کارروائی کے بعد گرفتار کیا۔

قانونی کارروائی  و اندراج مقدمہ کے لیے دائر درخواست میں تنویر الیاس، محمد علی، انیل سلطان، رضوان و دیگر نا معلوم ملزمان کا ذکر کیا گیا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پولیس کے مطابق تنویر الیاس کے خلاف اس سے قبل بھی مقدمہ نمبر 216/23 درج ہے۔

کرنل(ر) ٹیپو سلطان کی مدعیت میں درج ایف آئی آر کے مطابق تنویر الیاس پر الزام ہے کہ وہ ’اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ سینٹورس مال میں ایک کمپنی کے دفتر میں تالا توڑ کر داخل ہوئے اور عملے کو زد و کوب کیا۔‘

ایف آئی آر کے مطابق: ’تنویر الیاس، انیل سلطان رضوان، محمد علی، وہمراہ دیگر 20/25 نامعلوم افراد آتشیں اسلحہ سے لیس ہو کر زور زبردستی ٹاور A میں واقع دفتر 1708 کا تالا توڑ کر کمرہ میں داخل ہوئے اور گارڈ امداد علی کو شدید زدو کوب کیا اور زخمی کر دیا۔‘

’ملزمان بالا اور دو نامعلوم ملزمان نے زبر دستی اسلحہ کی نوک پر آفس کا تالا توڑ اور میرے ساتھ لڑائی جھگڑا کرتے ہوئے اسلحہ کی نوک پر مجھے اور دیگر ملازمین کو جان سے مارنے کی کوشش کی، سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں اور کمپنی کے دفتر پر قبضہ کرنے کی کوشش کی۔‘

سردار تنویر الیاس نے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے 14ویں وزیراعظم کی حیثیت سے 18 اپریل 2022 کو حلف اٹھایا تھا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان