مغل بادشاہ جلال الدین اکبر کے زمانے میں لکھی گئی داستان امیر حمزہ میں ’طلسم ہوش رُبا‘ کے کردار عمرو عیار پر کہانیاں تو بہت لکھی گئیں مگر پاکستان میں اسی کردار پر فلم بھی بنائی گئی ہے۔
اسی فلم میں ولن کا کردار ادا کرنے والے اداکار فاران طاہر نے انڈپینڈنٹ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’اس فلم میں میرا کردار جنونی قسم کا ہے، جو عمرو عیار کے خلاف ترکیبیں اور منصوبے بناتا رہتا ہے۔ میرا خیال ہے کہ یہ ایک مزے کا کردار ہے اور شائقین اس کردار کو بہت پسند کریں گے۔‘
ان کا کہنا تھا: ’عمرو عیار پاکستان میں بہت بڑے پیمانے اور بجٹ کے ساتھ بنائی گئی ہے اور میرا خیال ہے کہ یہ پاکستان کی فلمی تاریخ میں سب سے مہنگی فلم ہے، اس کوالٹی کی فلم کو بنانے کے لیے اتنا پیسہ خرچ کرنا ضروری تھا۔
’پاکستان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہاں مختلف قسم کی فلمیں نہیں بنتیں، ہم نے ایک دلیر قدم اٹھایا ہے اور مجھے امید ہے کہ لوگ اس فلم کو دیکھنے آئیں گے کیوں کہ اس فلم کی سب سے اچھی بات ہے کہ یہ ایک فیملی فلم ہے۔‘
فاران نے اپنی گفتگو میں فلم کے متعلق مزید بتایا کہ ’ہم اور ہمارے بزرگ تو عمرو عیار کے بارے میں کہانیاں پڑھ پڑھ کے بڑے ہوئے ہیں مگر نئی نسل کے لیے یہ فلم عمرو عیار سے تعارف ثابت ہو گی۔
’جس معیار کی یہ فلم ہے پاکستان میں اس طرح کی فلمیں نہیں بنتیں، پاکستان میں اس طرح کی فلموں کی نہ صرف ضرورت ہے بلکہ طلب بھی ہے کیوں کہ ہمارے نوجوانوں کی پسندیدگی کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان میں بہت کم فلمیں بنتی ہیں، سو مجھے لگتا ہے کہ اس فلم کو پاکستانی عوام کے بڑے، بوڑھے، جوان سب دیکھیں گے کیوں کہ یہ کہانی ایک ایسے کردار پر مبنی ہے جسے ہم سب جانتے ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
’عمرو عیار‘ بنانے کے دوران پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا: ’اس فلم کو بنانے میں کافی دشواریاں پیش آئیں، دراصل پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے تاہم اس طرح کی فلمیں بنانے کے لیے بہت سی ایسی چیزیں ہیں جن پر پہلے سے کام نہیں کیا گیا تھا۔‘
اداکار فاران طاہر کے مطابق: ’جب ہماری پروڈکشن کمپنی نے دیکھا کہ بہت سی چیزیں ایسی ہیں جو ہمیں نئے سرے سے بنانی پڑیں گی تو انہوں نے ایک نیا سٹوڈیو بنایا۔ پھر اسی سٹوڈیو میں اس فلم کے ایف ایکس مکمل کیے گئے اور جس لیول کا کام کیا گیا ہے اس کا تقابل ہم دنیا میں کسی بھی فلم سے کر سکتے ہیں۔‘
اپنے کیریئر کے بارے میں گفتگو کرتے اداکار فاران طاہر کا کہنا تھا کہ میں نے ہالی وڈ کی کئی فلموں میں کام کیا ہے جس میں آئرن مین، سٹار ٹریک وغیرہ شامل ہیں اس کے علاوہ میں نے وہاں تھیٹر میں بھی کام کیا ہے۔
عیدا الاضحیٰ پر ریلیز ہونے والی اپنی فلم کے لیے فاران طاہر نے عوام سے درخواست کی کہ ’عمرو عیار کو ضرور آ کر دیکھیں کیونکہ ہم نے ایک بہت دلیر قدم اٹھایا ہے اور ایسی فلم پاکستان میں آج سے پہلے نہیں بنیں۔‘