سعودی عرب: عازمین حج کے لیے اردو، دیگر زبانوں میں صحت کی آگاہی مہم

ریڈیو پاکستان کے مطابق سعودی عرب کے اہم مقامات پر درجنوں سکرینوں کے ذریعے عازمین حج کے لیے صحت سے متعلق آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے۔

رواں سال تقریباً ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے (سہیل اختر/ انڈپینڈنٹ اردو)

پاکستان کے سرکاری میڈیا کے مطابق سعودی حکام نے عازمین حج کی سہولت کے لیے اردو سمیت متعدد زبانوں میں صحت سے متعلق آگاہی مہم شروع کی ہے۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق سعودی عرب کے اہم مقامات پر درجنوں سکرینوں کے ذریعے عازمین حج کے لیے صحت سے متعلق آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ ’یہ مہم پرنس محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ، حرمین ہائی سپیڈ ریلوے سٹیشن، شٹل بسوں، زائرین کے استقبالیہ مراکز، مالز، ہسپتالوں اور کلینکوں سمیت مختلف مقامات پر 97 سمارٹ ڈسپلے سکرینوں کے ذریعے چلائی جا رہی ہے۔

’ان پیغامات میں سورج کی روشنی میں براہ راست نکلنے کے خطرات، ہیٹ سٹروک سے بچنے، پانی کی کمی، فوڈ پوائزننگ، ابتدائی طبی امداد، ذاتی حفظان صحت اور صحت کے دیگر موضوعات کا احاطہ کیا گیا ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

حج اسلام کے پانچ ارکان میں سے ایک ہے اور ہر بالغ اور صاحب استطاعت مسلمان، جو جسمانی طور پر قابل ہو، پر فرض ہے کہ وہ اپنی زندگی میں کم از کم ایک بار یہ فریضہ ادا کرے۔

رواں سال ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے جن میں سے 70 ہزار افراد سرکاری سکیم کے تحت سفر کریں گے جبکہ باقی نجی ٹور آپریٹرز کے ذریعے جائیں گے۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق 42 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں اور پاکستانی سول اور وردی پوش افسران سمیت تقریباً 390 معاونین اس وقت ان کے سفر اور رہائش کے ساتھ ساتھ عازمین حج کو معیاری کھانا فراہم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

وزارت مذہبی امور کے 150 سے زائد افسران مرکزی کنٹرول آفس، مدینہ منورہ اور جدہ ایئرپورٹس، لوسٹ اینڈ فاؤنڈ ڈپارٹمنٹ، مدینہ روانگی سیل، مانیٹرنگ سیل اور اکاؤنٹس اینڈ ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹس میں عازمین حج کو سہولتیں فراہم کر رہے ہیں۔

اس سال توقع ہے کہ مناسک حج 14 سے 19 جون تک ہوں گے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا