اسلام آباد پولیس نے ہفتے کو بتایا کہ وفاقی دارالحکومت میں تعینات ویتنامی سفیر کی اہلیہ کو چار گھنٹے تک ’لاپتہ‘ رہنے کے بعد تلاش کر کے شوہر کے ہمراہ گھر بھیج دیا گیا ہے۔
اسلام آباد کے ایس ایس پی انویسٹیگیشن حسن جہانگیر وٹو نے خاتون کو تلاش کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ’خاتون سیکٹر ایف نائن پارک میں واقع میگا زون میں سوئمنگ اور بولنگ کرنے گئی ہوئی تھیں۔‘
ان کا کہنا تھا: ’ویتنامی سفیر کی اہلیہ نے پولیس کو بتایا کہ وہ شوہر سے ناراض ہو کر گئی تھیں۔ خاتون کے بقول ان کا گھر میں دل نہیں لگ رہا تھا لہٰذا وہ گھر سے نکل آئیں، انہیں کچھ نہیں سمجھ نہیں آئی۔‘
اسلام آباد پولیس نے ایک بیان میں بتایا کہ خاتون کو چار گھنٹوں کے بعد اسلام آباد پولیس نے ایف نائن پارک میں ٹریس کیا۔
بیان کے مطابق: ’خاتون کو سیف سٹی اور موبائل سیلولر ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹریس کیا گیا، جس کے بعد انہیں ان کے شوہر کے ہمراہ گھر روانہ کر دیا گیا۔‘
پولیس کے مطابق ویتنامی سفیر کا کہنا تھا کہ ان کی اہلیہ ہفتے کی صبح ایف ایٹ ون سے بیوٹی پارلر جانے کے لیے نکلیں اور اس کے بعد ان سے رابطہ نہیں ہو پا رہا تھا۔
اس پر انہوں نے پولیس کی ہیلپ لائن 15 پر کال کی تو اسلام آباد پولیس ان کے گھر پہنچی اور ایس ایس پی سکیورٹی کی زیر نگرانی تفتیش شروع کر دی گئی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
وزارت داخلہ نے ایک بیان میں بتایا کہ ’وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سفیر کی اہلیہ کے لاپتہ ہونے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے خاتون کی ’بحفاظت بازیابی‘ کے لیے اسلام آباد پولیس کو اقدامات کرنے کی ہدایت کی تھی۔‘
ہفتے کی دوپہر اسلام آباد پولیس نے ایکس پر ایک الگ بیان میں بتایا تھا کہ انسپیکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد سید علی ناصر رضوی تفتیشی ٹیم کے ہمراہ ویتنام کے سفیر کی رہائش گاہ پر گئے۔
آئی جی اسلام آباد نے ایس ایس پی سیف سٹی، ایس ایس پی انویسٹیگیشن اور ایس ایس پی آپریشنز سے بریفنگ بھی لی۔
علی ناصر رضوی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں مقیم تمام غیر ملکی سفیروں کی حفاظت اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
ویتنام کی سفیر کی اہلیہ کو تلاش کرنے کے لیے سات مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔
ویتنام کے سفیر اہلیہ کے ملنے کے بعد پولیس آفس سکیورٹی ڈویژن پہنچے اور آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی سے ملاقات کی۔
اسلام آباد پولیس نے ایکس پر بتایا کہ سفیر نے ’اہلیہ کو چار گھنٹے کے قلیل وقت میں تلاش کرنے پر آئی جی اسلام آباد کا شکریہ ادا کیا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔‘