وزیر اعظم کی پاکستان کی پہلی مسیحی خاتون بریگیڈیئر کو مبارک باد

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی مسیحی برادری سمیت پوری قوم کو برگیڈئیر ہیلن میری رابرٹس اور اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والی ان جیسی ہزاروں محنتی خواتین پر فخر ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف 23 مئی، 2024 کو ابو ظبی میں ایک اجلاس سے خطاب کر رہے ہیں (پی آئی ڈی)

وزیرِ اعظم  پاکستان محمد شہباز شریف نے پاکستان کی مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والی ہیلن میری رابرٹس کو آرمی میڈیکل کور میں برگیڈیئر کے رینک پر ترقی پانے پر خصوصی مبارکباد دی ہے۔

ہفتہ یکم جون کو وزیر اعظم ہاؤس سے جاری کیے جانے والے بیان میں وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ’برگیڈئیر ہیلن میری رابرٹس پاکستانی اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والی پہلی خاتون برگیڈیئر ہیں، مجھ سمیت پوری قوم انہیں مبارکباد پیش کرتی ہے۔

’برگیڈیئر ہیلن میری رابرٹس نے اپنی محنت سے یہ ثابت کیا کہ پاکستانی خواتین کسی بھی میدان میں مردوں سے پیچھے نہیں۔‘

بیان میں کہا گیا کہ پاکستانی مسیحی برادری سمیت پوری قوم کو برگیڈئیر ہیلن میری رابرٹس اور اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والی ان جیسی ہزاروں محنتی خواتین پر فخر ہے۔

برگیڈیئر ہیلن میری رابرٹس کی محنت، لگن اور انسانیت کے لیے خدمت کا جذبہ نسل نو کی خواتین کے لیے مشعل راہ ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ یعنی (آئی ایس پی آر) نے عرب نیوز کے سوال پر تصدیق کی ہے کہ آرمی میڈیکل کور کی بریگیڈیئر رابرٹس کو نئے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے۔

خواتین کئی دہائیوں سے میڈیکل کور کا لازمی حصہ ہیں اور حال ہی میں انہوں نے فوجیوں کے طور پر جنگی ڈویژنوں میں شامل ہونا شروع کیا ہے۔

اقلیتی مذہبی برادریوں کے کئی دیگر ارکان بھی مختلف صفوں پر پاکستانی فوج سے وابستہ ہیں۔

مسلم اکثریتی ملک پاکستان نے حالیہ برسوں میں اقلیتی برادریوں کے لیے جاری سماجی چیلنجوں کے درمیان مذہبی شمولیت کے لیے کوشش کی ہے۔

گذشتہ سال، چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے راولپنڈی کے کرائسٹ چرچ میں کرسمس کی تقریب کے دوران ملک کی مسیحی برادری کی طرف سے اس کی ترقی میں کردار کو سراہا۔

انہوں نے معیاری تعلیم، صحت کی دیکھ بھال اور انسان دوستی کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ قومی دفاع میں ان کی قابل ذکر شراکت کی تعریف کی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان