ٹی 20 ورلڈ کپ میں ایک اور اپ سیٹ: افغانستان نے نیوزی لینڈ کو ہرا دیا

امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں جاری ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے ایک میچ میں افغانستان کی ٹیم نے نیوزی لینڈ کو 84 رنز سے شکست دے کر اپ سیٹ کر دیا۔

سات جون، 2024 کی اس تصویر میں افغانستان کے کپتان راشد خان ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے ایک میچ کے دوران نیوزی لینڈ کے کھلاڑی کو آؤٹ کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے(اے پی)

امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں جاری ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے ایک میچ میں افغانستان کی ٹیم نے نیوزی لینڈ کو 84 رنز سے شکست دے کر اپ سیٹ کر دیا۔

جمعے کو گیانا کے پروویڈنس سٹیڈیم میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر افغانستان کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی تو کسی کے گمان میں بھی نہ تھا کہ ایک اور انہونی ہونے کو ہے۔

افغانستان کی ٹیم نے رحمٰن اللہ گرباز اور ابراہیم زدران کی پراعتماد بلے بازی کی بدولت اچھا آغاز کیا اور پاور پلے تک بغیر کسی نقصان کے 44 رنز بنائے۔

تیرہویں اوور میں افغانستان کی ٹیم نے بغیر کسی نقصان نے اپنے سو رنز مکمل کیے جس کے بعد اگلے ہی اوور میں زدران 41 گیندوں پر 44 رنز بنا کر میٹ ہنری کی گیند پو بولڈ ہو گئے۔

تاہم دوسری جانب سے رحمٰن اللہ گرباز نے اپنی جارحانہ بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا اور اور 19 اوور میں افغانستان کا سکور 150 تک پہنچا دیا۔

آخری اوورز میں یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے سے افغانستان کا سکور کسی حد تک سست رفتاری کا شکار تو ہوا لیکن مقررہ 20 اوور میں افغانستان نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنا کر نیوزی لینڈ کو جیتنے کے لیے 160 رنز کا ہدف دیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ اور میٹ ہنری نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

افغانستان کی بولنگ شروع ہوئی تو فضل حق فاروقی نے پہلی ہی گیند پر جارح مزاج کیوی بلے باز فن ایلن کو کلین بولڈ کر کے نیوزی لینڈ کو بیک فٹ پر ڈال دیا۔

یہ نیوزی لینڈ کی اننگز کا تو آغاز تھا تاہم شاید یہی اس کے اختتام کی پہلی کڑی تھی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

فن ایلن کے بعد کپتان کین ولیم سن بیٹنگ کرنے آئے لیکن دوسری جانب سے وقفے وقفے سے گرتی وکٹوں کی وجہ سے کیوی کپتان کو وہ اننگز کھیلنے کا موقع نہ ملا جس کے لیے وہ شہرت رکھتے ہیں۔

شراکت داری قائم کرنے میں ناکام کین ولیم سن بھی جب 33 کے مجموعی سکور پر پویلین واپس لوٹے تو نیوزی لینڈ کی چار وکٹیں گر چکی تھیں جس کے بعد صرف رسمی کارروائی باقی تھی۔

افغانستان کے سپن اور فاسٹ بولرز دونوں نے کیوی ٹیم کی ایک نہ چلنے دی اور وقفے وقفے سے نیوزی لینڈ کی وکٹیں گرتی رہیں اور 75 کے سکور پر پوری ٹیم آؤٹ ہو گئی۔

نیوزی لینڈ کے صرف دو بلے باز 10 کا ہندسہ پار کر پائے جن میں سے ایک میٹ ہنری تھے جو بولر ہیں۔

افغانستان کی جانب سے فضل حق فاروقی اور کپتان راشد خان نے چار چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد نبی دو کھلاڑیوں کو پویلین بھیجنے میں کامیاب رہے۔

رحمٰن اللہ گرباز کو 56 گیندوں پر 80 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ