مہنگائی کی وجہ سے دفاعی بجٹ میں اضافہ کرنا پڑے گا: وزیر دفاع

انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ملکی قرضوں میں اضافہ روکنے کی غرض سے دفاعی بجٹ میں اضافہ کرنا پڑے گا۔

وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان میں ڈالر کی قیمت اور مہنگائی میں اضافے کے باعث آئندہ مالی سال کے لیے دفاعی بجٹ میں اضافہ کرنا پڑے گا۔  

اسلام آباد میں انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ’دفاع کا بجٹ وفاقی بجٹ کا اہم حصہ ہے اور ڈالر کا ریٹ بڑھنے کی وجہ سے پاکستانی روپے میں بجٹ پر فرق پڑتا ہے۔ ڈالر ریٹ اور مہنگائی بڑھنے سے جو خسارہ ہوا ہے اس وجہ سے دفاع کا بجٹ بڑھانا پڑے گا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ہماری دفاع کی ضروریات میں چین اور ترکی پاکستان کے بڑے پارٹنرز ہیں۔ ہم چاہیں گے کہ دفاعی ضروریات میں ہمارے قرضے نہ بڑھیں اور دفاعی سازوسامان کی ملک میں صنعتیں لگیں۔‘

پاکستانی وفد کا دورہ چین 

وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں پاکستانی وفد کے حالیہ دورہ چین میں کیا طے پایا اور سی پیک کے دوسرے مرحلے پر منصوبوں کا آغاز کب ہو گا؟ ان سوالات کے جواب میں خواجہ آصف نے بتایا کہ سی پیک ٹو پر چین سے مشاورت ہوئی، سرمایہ کاری جس طرح سی پیک ون میں آئی اسی طرح سی پیک ٹو میں بھی آئے گی۔ ’سی پیک ٹو کے لیے منصوبے حتمی کر لیے ہیں۔ ایم ایل ون منصوبہ سی پیک ٹو میں سر فہرست ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے مزید بتایا کہ ’چین میں سرمایہ کاری کانفرنس میں پاکستان کی 100 جب کہ چین کی 250 کمپنیوں نے شرکت کی تھی۔

’اب چین میں یہ طے ہوا ہے کہ پاکستان میں بزنس کے لیے قرضوں کے بجائے سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے گا۔‘

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ آرمی چیف کی چین میں موجودگی کی وجہ سے پاکستانی وفد کو کافی تقویت ملی۔

سی پیک کی سکیورٹی پر چین کے تخفظات

داسو میں چینی شہریوں پر حملوں کے معاملے پر چین کے مؤقف سے متعلق سوال کے جواب میں وفاقی وزیر دفاع نے بتایا کہ ’پاکستان میں چینی شہریوں کی سکیورٹی کے لیے مشترکہ سرویلنس کا نظام بنایا جائے گا۔ چین کے پاس جدید ٹیکنالوجی ہے، جس کے تحت سی پیک کی فول پروف سکیورٹی بنائی جائے گی کیونکہ چینی حکومت سی پیک کی سکیورٹی کے معاملے پر بہت زیادہ حساس ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’پی ٹی آئی کے دور حکومت میں چین کے ساتھ تعلقات میں کمی آئی، جسے اب بہتر کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔‘

انڈین انتخابات پر وزیر دفاع کا ردعمل

نریندر مودی کے تیسری مرتبہ انڈیا کے وزیراعظم بننے سے متعلق سوال پر خواجہ آصف نے بتایا کہ ’بی جے پی کو انتخابات میں اکثریت نہیں ملی جس کی وجہ سے نریندر مودی اب اتحادیوں پر انحصار کرے گی۔ امید ہے مودی صاحب اب اپنی اوقات میں آئیں گے۔‘

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ ’پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشیدگی کی سب سے بڑی وجہ کشمیر ہے، جس کی حیثیت کو دہلی کو اصل حالت میں واپس لانا ہو گا۔ اس کے بعد ہی انڈیا سے بات چیت ہو سکتی ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی معیشت