بارش نے پاکستان کو ٹی 20 ورلڈ کپ سے باہر کر دیا

پاکستانی ٹیم کے اگلے مرحلے میں جانے کے لیے ضروری تھا کہ آج آئرلینڈ کی ٹیم امریکہ کو شکست دیتی مگر میچ نہ ہونے کے باعث دونوں ٹیم کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا ہے۔

نیو یارک میں 11 جون، 2024 کو کینیڈا کے خلاف میچ میں پاکستانی بلے باز محمد رضوان بریک کے دوران پچ پر موجود (اے ایف پی)

آئرلینڈ اور امریکہ کے درمیان ٹی 20 ورلڈ کپ کا اہم میچ آج فلوریڈا میں بارش کے باعث منسوخ ہو گیا ہے جس کے بعد پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ کے اگلے مرحلے سے باہر ہو گئی ہے۔

گروپ اے میں پانچ ٹیموں میں سے دو ٹیموں نے آگے جانا تھا جس میں انڈیا پہلے ہی کوالیفائی کر چکا ہے جب کہ دوسری پوزیشن کے لیے امریکہ اور پاکستان کے درمیان مقابلہ تھا۔

امریکہ کے میچ سے پہلے چار پوائنٹ تھے اور پاکستان کے دو پوائنٹ۔ پاکستانی ٹیم کے اگلے مرحلے میں جانے کے لیے ضروری تھا کہ آج آئرلینڈ کی ٹیم امریکہ کو ہراتی مگر میچ نہ ہونے کے باعث دونوں ٹیم کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا ہے جس کے بعد امریکہ اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر گیا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستان ورلڈ کپ کا اپنا آخری میچ آئرلینڈ کے خلاف اتوار کو کھیلے گا مگر اب اس میچ وہ اہمیت نہیں ہو گی۔

2026 ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے کوالیفیکیشن

پاکستان کا اس سٹیج پر ورلڈ کپ سے باہر ہونا 2026 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کوالیفیکیشن پر بھی اثر انداز ہو گا۔

2026 کا ٹی 20 ورلڈ کپ انڈیا اور سری لنکا میں ہو گا جس کے لیے وہ میزبان ہونے کے ناطے کوالیفائی کر چکے ہیں۔ سری لنکا اگرچہ رواں ورلڈ کپ میں اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکا مگر میزبان ہونے کے ناطے آٹومیٹک کوالیفیکیشن حاصل کر لی ہے اور انڈیا نے میزبان ہونے کے ساتھ ساتھ گروپ اے سے اگلے مرحلے تک کوالیفائی کرنے کی وجہ سے بھی آٹومیٹک کوالیفائی کر لیا ہے۔

جبکہ موجودہ ورلڈ کپ کی آٹھ بہترین ٹیمیں (سپر ایٹ میں جانے والی ٹیمیں) اور ورلڈ کپ فائنل والے دن ان ٹیموں کے علاوہ دو بہترین رینکنگ والی ٹیمیں اگلے ورلڈ کپ کے لیے ازخود کوالیفائی کر جائیں گی۔

نیوزی لینڈ اور پاکستان کی ٹیموں دونوں اگلے مرحلے میں نہیں جا سکیں اور اس کے علاوہ انگلینڈ بھی اگلے راؤنڈ میں جانے کے لیے مشکلات کا شکار ہے۔

تاہم پاکستان، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کو اپنی اچھی رینکنگ کی وجہ سے 2026 ٹی 20 ورلڈ کپ میں آٹومیٹک کوالیفیکیشن میں خاطر خواہ مشکلات درپیش نہیں ہوں گی۔

جو ٹیم آٹومیٹک کوالیفائی نہیں کرے گی، اسے کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنا پڑے گا۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ