شوبز انڈسٹری میں سب مایا ہے: سٹائلسٹ دانش مقصود

دانش مقصود نے انڈپینڈنٹ اردو کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں کہا کہ ’شوبز انڈسٹری میں قدم جمانا آسان نہیں۔۔ یہاں کتنے ہی ایسے لوگ ہیں جو سٹار بننے کے خوابوں کے پیچھے خود کو برباد کر چکے ہیں۔‘

سٹائلسٹ دانش مقصود نے متعدد شوٹس میں اپنی ماہرانہ صلاحیتوں کے ذریعے جان ڈالی ہے، لیکن وہ اس سب چمک دمک کو ’مایا‘ قرار دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’شوبز انڈسٹری ایک الگ دنیا ہے، جہاں تارے کبھی زمین پر ہوتے ہیں تو کبھی آسمان پر۔‘

انڈپینڈنٹ اردو سے خصوصی گفتگو میں کراچی سے تعلق رکھنے والے دانش مقصود نے سٹائل، فیشن، اور انڈسٹری سے جڑے ہر موضوع پر بات کی۔

انہوں نے بتایا کہ ’سٹائلنگ ایک الگ شعبہ ہے۔ میرا کام شوبز ستاروں سے جڑا ہوا ہے کیونکہ وہ ہر وقت پردے پر ہوتے ہیں۔ ان کے مداحوں کی تعداد لاکھوں تو کبھی کروڑوں میں ہوتی ہے اور ان شخصیت کو نکھارنے اور بنانے میں میرا کردار پیش پیش رہتا ہے۔ جیسے کہ کون سے جوڑے کے ساتھ کس طرح کی جیولری اچھی لگے گی۔ اگر تقریب شادی کی ہو تو کیا پہنا جائے اور اگر کوئی پارٹی ہے تو کس طرح سے سٹائل کیا جائے۔‘

وہ بتاتے ہیں کہ ’سٹائلسٹ کا ہر دن اس کے لیے ایک نیا ٹاسک لے کر آتا ہے۔ شوبز سٹار کو اچھا دکھانا اور انہیں مطمئن کرنا کسی امتحان سے کم نہیں ہوتا۔ ہر انسان کی جسامت الگ ہوتی ہے۔ جیسے بھاری جسامت پر کافتان جچتے ہیں۔ اسی طرح کم وزنی لوگوں پر یہی کافتان عجیب لگتے ہیں اور یہی ہمارا کام ہے کہ شخصیت کو سٹائل سے نکھارا جائے نہ کہ کسی کو احساس کمتری میں مبتلا کیا جائے کہ وہ موٹا ہے یا دبلا۔ کیونکہ سب کو اللہ نے بنایا ہے۔ جو جیسا ہے ویسے ہی خوبصورت ہے۔ بس ضرورت اس بات کی ہے کہ وہ اپنے آپ کو سٹائل کرنا جانتا ہو۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ انہوں نے متعدد فوٹو شوٹس میں ’جگاڑ‘ لگا کر بھی سٹائل کو تخلیق کیا۔ جیسے اداکارہ نوین وقار کو ایک مرتبہ انہوں نے گلے کے ہار کی ماتھا پٹی بنا کر شوٹ کروایا اور ’یہ جگاڑ کام آگیا۔‘

ایک سوال کے جواب میں دانش مقصود نے بتایا کہ ’یوں تو بہت سے اداکاروں کے ساتھ کام کیا جن میں حرا مانی، نادیہ حسین، ماہرہ خان اور عائشہ عمر شامل ہیں، جو انتہائی خوش اسلوب اور تجربہ کار اداکارائیں ہیں اور فیشن اور سٹائل کو سمجھتی ہیں، لیکن کچھ برے تجربات کا بھی سامنا کرنا پڑا۔‘

ایسے ہی ایک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اداکارہ مشعل خان کے ساتھ ان کا بہت برا تجربہ رہا۔

’یہ ان دنوں کی بات تھی جب ہم نئے نئے سٹائلسٹ بنے تھے، میں نے مشعل خان سے جیولری کے حوالے سے پوچھا جس پر انہوں نے بد مزاجی سے جواب دیا۔ یہاں تک کے کسی بھی بات کا ٹھیک سے جواب نہیں دیا۔‘

شوبز کی دنیا جتنی چمکیلی ہے اتنی اندھیری بھی!

دانش مقصود نے بتایا کہ ’شوبز انڈسٹری میں قدم جمانا آسان نہیں اور اس بات کو نہیں جھٹلایا جا سکتا۔ یہاں کتنے ہی ایسے لوگ ہیں جو سٹار بننے کے خوابوں کے پیچھے خود کو برباد بھی کر چکے ہیں۔ حتی کہ میں نےخود کو بھی استعمال ہونے سے بچایا۔‘

انہوں نے ایک واقعہ شیئر کرتے ہوئے بتایا: ’چونکہ میں سکرپٹ رائٹنگ بھی کرتا تھا۔ 2019 میں، میں ایک ڈائریکٹر کے گھر گیا۔ تب میں نے سکرپٹ لکھنا شروع ہی کیا تھا کہ ان کے ارادے مجھے غلط لگنے لگے، جہاں مجھے جھانسہ دیا گیا کہ تمہیں بڑا سٹار بنا سکتا ہوں، لیکن میری قسمت اچھی تھی کہ میرے لیے اسما نبیل نے مہم چلائی اور میری مدد کی۔‘

بقول دانش: ’اگر شوبز میں آنا ہے تو بغیر ڈگری کے نہ آئیں۔ تعلیم ہونا بہت ضروری ہے، ورنہ کوئی کب کیسے استعمال ہو جائے گا یہ پتہ بھی نہیں چلتا۔‘

گفتگو کے دوران انہوں نے اس بات سے بھی پردہ اٹھایا کہ گورا رنگ انڈسٹری کے لیے بہت معنی رکھتا ہے۔

’اداکارہ کی رنگت گہری ہوتی ہے تو انہیں مشورہ دیا جاتا ہے کہ انجیکشن لگوائیں اور اگر اداکارہ کے چہرے پر جھریاں ہیں تو انہیں بھی مشورے دیے جاتے ہیں۔ یہاں صرف خوبصورتی کی ڈیمانڈ ہوتی ہے اور کتنے ایسے سٹارز ہیں جو گورے ہونے کے لیے انجیکشن لگواتے ہیں، فلرز لیتے ہیں۔

’اسی لیے میں ناظرین سے یہی کہوں گا کہ سٹارز کی زندگی آسان نہیں، بہت مشکل ہے۔ جو پردے کے سامنے دِکھتا ہے اس پر بہت محنت ہوتی ہے۔ ہمارے سٹارز 12، 12 گھنٹے کام میں جتے رہتے ہیں تب جا کر عوام کو انٹرٹینمنٹ فراہم کرتے ہیں۔‘

آر جے، پی آر مینیجر اور سٹائلسٹ ہونے کے علاوہ دانش مقصود اپنا میگزین بھی نکالتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ آج وہ جو کچھ بھی ہیں، اپنی محنت کے بل پر ہیں جبکہ خاندان میں دور دور تک کسی کا شوبز سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

انہوں نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ انڈین اداکارہ سشمیتا سین کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں، جس کے لیے انہوں نے سشمیتا سین کو اپروچ بھی کیا تھا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سٹائل