یورو کپ 2024: جب رونالڈو کے آنسو خوشی میں بدل گئے

کرسٹیانو رونالڈو سلووینیا کے خلاف اہم میچ کے ایکسٹرا ٹائم میں گول کرنے میں ناکام رہے لیکن گول کیپر ڈیاگو کوسٹا کی جانب سے شوٹ آؤٹ میں تین پنالٹی بچانے سے ٹیم یورو کپ 2024 کے کواٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر گئی۔

پرتگال کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو یکم جولائی 2024 کو فرینکفرٹ میں پرتگال اور سلووینیا کے درمیان یورو کپ 2024 کے ایک میچ کے دوران پنالٹی پر گول کرنے میں ناکام ہونے کے بعد آبدیدہ ہوتے ہوئے (اے ایف پی)

فرینکفرٹ ایرینا میں پیر کو ہزاروں شائقین کے سامنے کرسٹیانو رونالڈو کے آنسو اس وقت خوشی میں بدل گئے جب سلووینیا کے خلاف اہم میچ کے ایکسٹرا ٹائم میں پرتگالی کپتان گول کرنے میں ناکام رہے لیکن گول کیپر ڈیاگو کوسٹا کی جانب سے شوٹ آؤٹ میں تین پنالٹی بچانے سے ٹیم یورو کپ 2024 کے کواٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر گئی۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جرمن شہر فرینکفرٹ میں کھیلے گئے لیگ مرحلے کا آخری میچ کافی سنسنی خیز رہا، جہاں پرتگال اور سلووینیا مقررہ وقت میں کوئی بھی گول کرنے میں ناکام رہے۔

اضافی وقت کے پہلے ہاف میں کرسٹیانو رونالڈو کو متنازع طور پر ڈیوگو جوٹا پر فاؤل کے لیے دیے گئے پنالٹی پر گول کرنے کا موقع ملا، لیکن سلووینیا کے گول کیپر جان اوبلاک نے ان کی کوشش کو ناکام بنا دیا، جس کے بعد رونالڈو جذباتی ہو کر رو پڑے۔

ایکسٹرا ٹائم میں بھی مقابلہ صفر، صفر سے برابر ہونے کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ میں پرتگالی گول کیپر ڈیاگو کوسٹا نے کرسٹیانو رونالڈو کو شرمندگی سے بچاتے ہوئے اپنی ٹیم کو ٹاپ ایٹ مرحلے میں پہنچا دیا، جہاں اس کا مقابلہ کواٹر فائنل میں فرانس سے ہو گا، جس نے پیر ہی کو بیلجیئم کو ایک صفر سے شکست دی۔

شوٹ آؤٹ میں پانچ بار بیلن ڈی آر کے فاتح رونالڈو نے کوئی غلطی نہیں کی اور کامیابی سے گول مخالف ٹیم کے نیٹ میں اچھال دیا۔

39 سالہ رونالڈو اس میچ کے پورے 120 منٹ کھیلے لیکن وہ مسلسل آٹھ بڑے ٹورنامنٹ میچوں میں گول کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

پرتگال ٹیم کے کوچ روبرٹو مارٹینز کو اب یہ فیصلہ کرنا ہے کہ آیا رونالڈو کو ٹاپ ایٹ مرحلے میں ٹیم کا حصہ بنانا ہے یا نہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق رونالڈو نے میچ کے بعد ایک انٹرویو میں کہا کہ ’مضبوط ترین لوگوں کے بھی (برے) دن ہوتے ہیں۔ میں بالکل کچھ نہیں کر پایا، جب ٹیم کو میری سب سے زیادہ ضرورت تھی۔‘

انہوں نے کہا کہ ’شروع میں اداسی بالآخر خوشی میں بدل گئی۔ یہی فٹ بال ہے۔ یہ ناقابلِ بیان لمحات تھے۔‘

ان کے بقول: ’میں ایک ہی وقت میں اداسی اور خوش محسوس کر رہا ہوں، لیکن اہم بات یہ ہے کہ سب اس سے لطف اندوز ہوں۔ ٹیم نے ایک غیر معمولی کام کیا ہے ہم آخر تک لڑے اور اگر آپ اسے دیکھیں اور اگر آپ کو کھیل کا تجربہ ہے تو مجھے لگتا ہے کہ ہم اس جیت کے مستحق تھے کیونکہ ہمارے پاس زیادہ آپشنز تھے۔ سلووینیا نے پورا کھیل دفاع میں صرف کیا اور جب ایسا ہوتا ہے تو یہ مشکل ہو جاتا ہے۔‘

میچ کے بعد پرتگال کے کوچ رابرٹو مارٹینز نے رونالڈو کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بڑے کھلاڑیوں پر ایسا وقت آتا ہے۔

مارٹنیز نے کہا: ’رونالڈو (اضافی وقت میں) پنالٹی پر گول کرنے میں ناکام رہے لیکن پھر فیصلہ کن پنالٹی شوٹ آؤٹ میں انہوں نے ہی جیت کی راہ ہموار کی۔‘

پرتگالی کوچ نے مزید کہا کہ ’یہ ڈریسنگ روم کے اتحاد کی جیت تھی۔ کرسٹیانو ہمارے کپتان ہیں اور انہوں نے دکھایا کہ زندگی اور فٹ بال میں مشکل لمحات آتے ہیں اور ہم ہار نہیں مان سکتے۔ ہمیں یہ (سفر) جاری رکھنا ہے اور یہ اس بات کا مظاہرہ تھا کہ جب چیزیں ٹھیک نہ چل رہی ہوں تو کیا کرنا چاہیے۔‘

اس سے قبل پیر ہی کو جرمن شہر ڈسلڈورف میں کھیلے گئے میچ میں فرانس نے بیلجیم کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے کر کواٹر فائنل میں جگہ بنائی۔

میچ کا واحد گول فرانسیسی کھلاڑی جان ورٹونگن نے میچ کے آخری لمحات میں کیا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فٹ بال