پاکستانی شوبز انڈسٹری کی اداکارہ امر خان کی والدہ فریحہ جبین نے کہا کہ زندگی میں پڑھائی کا بہت زیادہ عمل دخل ہے، تنگی تھی لیکن وہ چاہتی تھیں کہ ان کی بیٹی اچھے سکول میں تعلیم حاصل کرے۔
امر خان اپنی والدہ اور سینیئر اداکارہ فریحہ جبیں کے ہمراہ سما ٹی وی کے مارننگ شو میں مہمان بن کر آئیں، جس میں انہوں نے اپنی زندگی کی کہانی شائقین کے ساتھ شئیر کی کہ کیسے زندگی کے اتار چڑھاؤ سے گز کر وہ یہاں تک پہنچیں۔
اداکارہ فریحہ جبین نے انٹرویو میں بتایا کہ انہوں نے اکیلے اپنی بیٹی کی کیسے پرورش کی اور اس میں کیا مشکلات آئیں۔
جس پر انہوں نے بتایا کہ وہ خود میٹرک تک تعلیم حاصل کر سکیں، اور یہ ان میں کمی تھی تو اس لیے وہ چاہتی تھیں کہ ان کی بیٹی اعلی تعلیم حاصل کرے اور کسی عام سکول میں نہ پڑھے۔
انہوں نے بتایا کہ میں پڑھی لکھی نہیں تھی، اسی لیے کردار بھی ویسے ہی ملتے تھے۔
’کوئی کہتا تھا کہ ’بھنگن‘ کا کردار ہے تو میں کہتی تھی کہ پیسے کتنے دو گے بچی کی فیس دینی ہے۔‘
اکیلے امر خان کی پرورش پر ان کا کہنا تھا کہ زندگی میں ایک طوفان آیا ہوا تھا، میری خواہش تھی کہ امر عام سکول میں نہ پڑھے، لیکن معاشی تنگی کی وجہ سے سکول کی فیس دینے میں بھی ہمیشہ دیر ہو جاتی تھی، اور ہمیشہ جرمانے کے ساتھ فیس جمع کرائی۔ گاڑی خراب ہو گئی تو رکشے پر امر کو سکول چھوڑنے جاتی تھی، لیکن یہ احساس کمتری تھی کہ کوئی دیکھ نہ لے۔ لیکن انہیں اپنی بیٹی پر فخر ہے کہ اس نے ان کا خواب پورا کیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
دوسری شادی نہ کرنے کے سوال پر فریحہ جبین نے کہا کہ ’اتنا شریف بننا نہیں چاہیے، مجھے میری والدہ نے بھی شادی کا کہا لیکن میں نے کہا کہ اگر مجھے کوئی میرے شوہر سے بہتر مل گیا تو میں سوچوں گی۔ کیونکہ وہ انسان بہت اچھے تھے۔‘
واضح رہے امر خان کے والدین میں ان کے بچپن میں ہی علیحدگی ہو گئی تھی، جس کے بعد وہ بیرون ملک چلے گئے۔ اس بارے میں امر خان نے اپنے گزشتہ انٹرویو میں اس بات کا اعتراف کیا کہ ان کا ان سے والد سے کوئی رشتہ نہیں بن سکا، اور وہ ان کے شوبز انڈسٹری میں آنے کے بھی مخالف تھے۔
سما کو دئے گئے انٹرویو میں انہوں نے اپنی والدہ کی دوسری شادی نہ کرنے کی وجہ بتائی کہ ان کی والدہ اتنی وفادار خاتون ہیں کہ انہیں نے جو ایک بار عشق کیا تو پھر اس کا قلم توڑ دیا، اب وہ اچھے انسان سے کیا یا برے سے وہ الگ بات ہے۔
لیکن یہاں انہوں نے کہا کہ میں اپنے بارے میں یہ دعا کرتی ہوں کہ یہ عادت میرے میں نہ آئے کیونکہ اتنا وفادار نہیں ہونا چاہیے۔