کچرے پر اخبار پڑھتے بچے سے شروع ہونے والا گجرات کا کنٹینر سکول

’ایچ ون ٹیچ ون‘ فاؤنڈیشن کے تحت شروع کیے گئے سکول کی ڈائریکٹر شمائلہ سیماب کے مطابق سکول کے بانی منان لیاقت نے آج سے چھ سات سال پہلے ایک بچے کو کچرہ کنڈی سے اخباری تراشے پر لکھی تحریر پڑھنے کی کوشش کرتے دیکھا تو ایسے بچوں کو پڑھانے کی ٹھانی۔

گجرات سے تعلق رکھنے والے منان لیاقت نے چند سال قبل ظہور الٰہی سٹیڈیم کی پارکنگ میں چٹائی بچھا کر سڑکوں پر موجود بچوں کو پڑھانا شروع کیا تھا، یہ سلسلہ بڑھتے بڑھتے اب ایک کنٹینر سکول کی شکل اختیار کیا، جہاں کئی بچے زیرتعلیم ہیں۔

غیر سرکاری ادارے ’ایچ ون ٹیچ ون‘ فاؤنڈیشن (Each One Teach One) کے تحت شروع کیے گئے اس سکول کی ڈائریکٹر شمائلہ سیماب نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ اس سکول کے اصل بانی منان لیاقت ہیں، جنہوں نے آج سے چھ سات سال پہلے ایک بچے کو کچرہ کنڈی سے اخباری تراشے پر لکھی تحریر پڑھنے کی کوشش کرتے دیکھا تو ایسے بچوں کو پڑھانے کی ٹھانی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

شمائلہ سیماب نے بتایا: ’دراصل کچرہ کنڈی پر ایک بچے کو جب انہوں نے دیکھا کہ وہ کچرے پر بیٹھ کر ایک اخبار کی تحریر پڑھنے کی کوشش کر رہا ہے تو عبدالرازق (بچے کا نام) سے یہ سٹوری شروع ہوئی اور چھ سات سال تک منازل طے کرتا ہوا ایچ ون ٹیچ ون یہاں پہنچا۔‘

ڈائریکٹر سکول کے مطابق: ’انہوں (منان لیاقت) نے یہ طے کیا کہ جتنے بچے سکولوں سے باہر ہیں، جو بھیک مانگ رہے ہیں، گاڑیوں کے شیشے صاف کر رہے ہیں، جو کچرہ اٹھا رہے ہیں، ان تمام ڈھائی کروڑ بچوں کو سکولوں تک پہنچایا جائے۔‘

اس سکول میں زیر تعلیم طالب علم عبدالرازق نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ وہ یہاں تک پہنچ پائیں گے۔

بقول عبدالرازق: ’کبھی نہیں سوچا تھا، دل و دماغ میں نہیں تھا کہ ہم یہاں آئیں گے اور اتنا آگے جائیں گے، کیونکہ ہم کام کرتے تھے صبح کے وقت اور شام کو بس گھر ہوتا تھا۔

’جب ہم ادھر کام کرتے تھے کچہری چوک میں تو ہمارے سر بیٹھتے تھے، تو وہ ہمیں بلا لیتے تھے کہ آؤ، ادھر سکول کا کام کرواتے تھے تو ادھر سے ہم نے شروع کیا۔‘

 ڈائریکٹر شمائلہ سیماب کہتی ہیں کہ ان کے سکول کے بچے اب کالج کی سطح پر بھی پہنچ رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا: ’ہم انہیں اے بی سی سے سکھانا شروع کرتے ہیں، آج ہمارے بچے کالج لیول تک پہنچ گئے ہیں، کچھ بچوں نے نویں جماعت پاس کر لی ہے، کچھ نے دسویں جماعت پاس کر لی ہے، کچھ ابھی فرسٹ ایئر میں موجود ہوں گے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کیمپس